رحیم یارخان اکبر ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی، 10 افراد جاں بحق

رحیم یار خان(غلام حسن) لاہورسے کوئٹہ جانے والی اکبرایکسپریس رحیم یارخان میں ولہاراسٹیشن پر کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی، حادثے کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 40 سے زیادہ زخمی ہو گئے۔

 

حادثے کا شکار بننے والی اکبر ایکسپریس کا انجن مکمل تباہ ہو گیا ہے۔ امدادی کارروائیوں کے دوران بوگیوں کو کاٹ کر زخمیوں اور لاشوں کو نکالا گیا ہے۔ حادثے کے بعد اپ اور ڈاؤن ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل کر دی گئی ہے۔  ڈی پی او رحیم  یار خان عمر سلامت کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق ٹرینوں کے درمیان افسوسناک حادثہ سگنل بروقت تبدیل نہ کرنے کے باعث پیش آیا، مسافر ٹرین کے لوپ لائن پر آنے کی وجہ بظاہر نظر نہیں آ رہی، ضلعی پولیس محکمہ ریلوے کے ساتھ مل کر حادثہ کے محرکات جاننے کے لئے تفتیش کر رہی ہے، اس کے علاوہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم بھی تشکیل دی جا رہی ہے، جلد حادثے کے محرکات بارے حقائق سے آگاہ کیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے رحیم یار خان میں ٹرین حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر ریلوے شیخ رشید نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سانحے میں انسانی غفلت پائی گئی تو ذمہ داروں کو نہیں چھوڑیں گے، پرانے ٹریکس اور سگنل سسٹم حادثات کا باعث بن رہے ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ حکومت ریلوے کے نظام کو جدید بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

 

سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ نے ٹرین حادثے پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا اور ساتھ میں شیخ رشید سے استعفی کا مطالبہ بھی کر دیا ہے۔ اویس شاہ کا کہنا ہے کہ جب سے شیخ رشید کو ریلوے کی وزارت ملی ہے تب سے 10 سے زائد بڑے حادثے ہو چکے ہیں، شیخ رشید صاحب خدا کا واسطہ ہے وزارت چھوڑدیں آپ کی وجہ سے حادثے ہو رہے ہیں، ان کا مزید کہنا ہے کہ وزیراعظم صاحب اپنے چپڑاسی سے وزارت واپس لیں اور کسی دوسرے کو وزیر بنائیں۔ تحقیقات کی جائے، پہلے اتنے حادثے نہیں ہوتے تھے اب کیوں ہو رہے ہیں، شیخ رشید مزید ریلوے کا وزیر رہا تو ریلوے پشاور میٹرو جیسا منظر دینے لگے گا۔

 

مشیر اطلاعات سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ٹرین حادثے پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹرین حادثہ میں انسانی جانوں کے زیاں کا بے حد افسوس ہے، ٹرین حادثہ کس غفلت کی وجہ سے ہوا ہے، تحقیقات ہونی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید سیاست چمکانے کے بجائے ریلوے کے نظام پر توجہ دیں۔ تحریک انصاف کی نااہل حکومت نے ہر شعبہ کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ سندھ حکومت ٹرین حادثہ کے زخمیوں کا علاج معالجہ کرے گی اور ٹرین حادثہ کے متاثرین کے لیے سندھ حکومت مکمل تعاون کررہی ہے-

 

عطاء سبحانی  1 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں