فیس بک کی دوستی زندگی بھر کے ساتھ میں بدل گئی

 

جھنگ (پبلک نیوز) فیس بک کی دوستی زندگی بھر کے ساتھ میں بدل گئی۔ برازیل کی 35 سالہ خاتون جھنگ کے 30 سالہ نوجوان کے عشق میں گرفتار ہو کر جھنگ پہنچ گئی۔ دونوں رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے۔

 

انٹر نیٹ نے دنیا کو گلوبل ویلج بنا دیا ہے اور سوشل میڈیا نے خوابوں کو حقیقت کا روپ دینا شروع کر دیا ہے۔ یہ کہانی ہے جھنگ کے رہائشی تیس سالہ وقاص انجم کی جس کی 3 سال قبل فیس بک پر برازیل کی رہائشی 35 سالہ ایلے سندرا سے دوستی ہوئی۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ دوستی عشق و محبت میں بدل گئی ۔

 

وقاص انجم اور ایلے سندرا کی پہلی ملاقات 3 ماہ قبل دبئی میں طے ہوئی۔ جہاں شادی کے بندھن میں بندھنے کے لیے ایلے سندرا نے اسلام قبول کرلیا اور اپنے  والدین کو اپنےشادی کے فیصلے سے آگاہ کرنے واپس برازیل چلی گئی۔ تیرہ جولائی کو ایلے سندرا اپنے وطن کو خیر باد کہہ کرجھنگ پہنچ گئی اور دونوں رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے۔

 

وقاص انجم کا کہنا تھا کہ ایلے سندرا کو شروع شروع میں یہاں کا ماحول سمجھنے میں خاصی مشکل پیش آئی لیکن اب وہ ان کے ساتھ خوش رہ رہی ہیں۔ ایلے سندرا کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگ بہت اچھے ہیں اور وہ شادی کے بعد یہاں بہت خوش ہے۔

 

واضح رہے کہ ایلے سندرا نے اپنے ملک، مذہب اور والدین پر اپنے پیار اور محبت کو ترجیح دی۔ اور ہزاروں میل دور ایک نئے ماحول میں اپنے شریک حیات کے ساتھ ہنسی خوشی زندگی جی رہی ہے۔ برازیلین ایلے سندرا کی پاکستان میں شادی نے یہ ثابت کر دیا کہ پیار اور محبت کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔

 

احمد علی کیف  4 ماه پہلے

متعلقہ خبریں