ملک بھر میں‌ شاعرمشرق علامہ اقبال کی81ویں برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی

لاہور(پبلک نیوز) شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کا 81 واں یوم وفات آج منایا جا رہا ہے ۔ علامہ اقبال کے خودی کے تصور کو اجاگر کرنے کے لئے ملک بھر میں خصوصی تقاریب منعقد کی گئیں ہیں۔ مفکر پاکستان کے افکار پر عمل پیرا ہو کر ہی ترقی کی منازل حاصل کی جا سکتی ہیں


انسانی روح کو بیدار کرنے والے شاعر، اصول و ضوابط کی باریکی پرکھنے والے قانون دان اور مسلمانوں کیلئے آزاد ملک کا خواب دیکھنے والے مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کو ہم سے بچھڑے آج 81 برس بیت چکے ہیں۔ علامہ اقبال کے خودی کے تصور کو اجاگر کرنے کے لئے ملک بھر میں خصوصی تقاریب منعقد کی جارہیں ہیں۔ مفکر پاکستان کے افکار پر عمل پیرا ہو کر ہی ترقی کی منازل حاصل کی جا سکتی ہیں۔

 

علامہ اقبال 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں شیخ نور محمد کے گھر پیدا ہوئے۔ والدین نے آپ کا نام محمد اقبال رکھا۔ ابتدائی تعلیم علامہ اقبال نے سیالکوٹ میں ہی حاصل کی اور مشن ہائی سکول سے میٹرک اور مرے کالج سیالکوٹ سے ایف اے کا امتحان پاس کیا۔ علامہ اقبال ایف اے کرنے کے بعد اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کیلئے لاہور چلے گئے اور گورنمنٹ کالج لاہور سے بی اے اور ایم اے کے امتحانات پاس کئے۔

 

شاعر مشرق علامہ محمد اقبال 1905 میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کیلئے انگلستان چلے گئے اور وہاں سے قانون کی ڈگری حاصل کی، یہاں سے آپ جرمنی چلے گئے، میونخ یونیورسٹی سے آپ نے فلسفہ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔علامہ اقبال شعر و شاعری کے ساتھ ساتھ وکالت بھی کرتے رہے اور سیاسی تحریکوں میں بھرپور انداز میں حصہ لیا، جبکہ 1922ء میں برطانوی حکومت کی طرف سے ان کوسَر کا خطاب ملا۔

 

علامہ محمد اقبال آزادی وطن کے علمبردار تھے اور سیاسی تحریکوں میں باقاعدہ حصہ لیتے تھے۔ آل انڈیا مسلم لیگ کے صدر منتخب ہوئے۔ شاعر مشرق کا 1930 کا الہٰ آباد کا مشہور صدارتی خطبہ تاریخی حیثیت رکھتا ہے۔ اس خطبے میں آپ نے پاکستان کا تصور پیش کیا، علامہ محمد اقبال کی تعلیمات اور قائد اعظم کی ان تھک کوششوں سے ملک آزاد ہو گیا اور پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔ شاعر مشرق پاکستان کی آزادی سے پہلے ہی 21 اپریل 1938ء کو انتقال کر گئے تھے، شاعر مشرق علامہ اقبال کی اردو، انگریزی اور فارسی زبان میں تصانیف میسر ہیں، ایک عظیم شاعر کے طور پر قوم ہمیشہ ان کی احسان مند رہے گی۔

عطاء سبحانی  5 ماه پہلے

متعلقہ خبریں