احتساب عدالت نے خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں15روز کی توسیع کر دی

لاہور(پبلک نیوز) خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے خلاف پیرا گون ہاؤسنگ سوسائٹی سکینڈل کیس کی سماعت، احتساب عدالت نے خواجہ سلمان رفیق اور سعد رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے 30 مئی کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

 

احتساب عدالت میں خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے خلاف پیرا گون ہاؤسنگ سوسائٹی سکینڈل کیس کی سماعت ہوئی، احتساب کے جج جواد الحسن نے بطور ڈیوٹی جج کیس پر سماعت کی۔ خواجہ سلمان رفیق کو کیمپ جیل سے جوڈیشل ریمانڈ کے بعد احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔ خواجہ سلمان رفیق کو پہلے احتساب عدالت نمبر پانچ میں حاضری کے لیے پیش کیا گیا۔ خواجہ سعد رفیق کی اسلام آباد میں قائمہ کمیٹی اور قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی بناء پر حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی گئی۔ سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے خواجہ برادران کی ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی۔

متعلقہ خبر: پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل:خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 16مئی تک توسیع

نیب پراسیکیوٹر کے مطابق خواجہ برادران پر پیرا گون سٹی کرپشن میں مبینہ طور پر مالی فوائد حاصل کرنے کا الزام ہے۔ عدالت نے خواجہ برادران کو دوبارہ 30 مئی کو احتساب عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق اور سعد رفیق کے مزید 15روزہ جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کر دی۔ خواجہ برادران کی پیشی کے موقع پر ایم کالج سے سیکریٹریٹ کے راستے کو کنٹینرز اور خار دار تاریں لگا کر بند کیا گیا۔ جوڈیشل کمپلیکس کے باہر اور اندر پولیس کی اضافی نفری کو تعینات کیا گیا۔

عطاء سبحانی  1 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں