کرپشن کیس میں گرفتار علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 20اپریل تک توسیع

لاہور(شاکر محمود اعوان) احتساب عدالت نے بیرون ملک آف شور کمپنیاں بنانے اور آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں گرفتار پی ٹی آئی کے رہنماء علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 20اپریل تک توسیع کر دی، عدالت نے نیب کو تحقیقات جلد مکمل کر کے داخل کرانے کی ہدایت کر دی۔

 

احتساب عدالت کے سید نجم الحسن نے کیس کی سماعت کی، جیل حکام نے تحریک انصاف کے گرفتار رہنماء علیم خان کو عدالت پیش کیا۔ دوران سماعت عدالت نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ تحقیقات کب تک مکمل ہوں گی؟ پراسیکیوٹر نے بتایا کہ کچھ ریکارڈ اکٹھا کرنا باقی ہے جلد ہی انویسٹی گیشن مکمل کرلیں گے۔

 

لاہور کی احتساب عدالت کے جج نےعلیم خان کے وکیل سے استفسار کیا کہ نیب تفتیشی کہتے ہیں کہ علیم خان نے ریکارڈ چھپا رکھا ہے، جس پر علیم خان کے وکیل نے نیب تفتشی کہ الزام کو رد کرتے ہوئے بتایا کہ علیم خان تو جیل میں ہیں ریکارڈ کیسے چھپا سکتے ہیں۔

 

عدالت نے نیب کو آئندہ سماعت پر علیم خان کے خلاف فائنل رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے ان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 20 اپریل تک توسیع کر دی۔ تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء علیم خان کی پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیس کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور کسی غیر متعلقہ شخص کو احاطہ عدالت میں انے کی اجازت نہیں دی گئی۔

عطاء سبحانی  2 ماه پہلے

متعلقہ خبریں