افغان صدر اشرف غنی 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد(پبلک نیوز) پاک افغان تعلقات میں اہم موڑ، افغانستان کے صدر اشرف غنی دو روزہ دورے پر پاکستان آ گئے۔ وزیراعظم عمران خان اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقاتیں کیں، دوطرفہ روابط کو فروغ دینے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا۔


افغان صدر اشرف غنی وفد کے ہمراہ وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے ایئرپورٹ پر مہمان کا استقبال کیا۔ وزارت خارجہ کے دفتر میں افغان صدر اشرف غنی اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی وفود کے ہمراہ ملاقات ہوئی۔ مواصلات، توانائی، ثقافت اور عوامی روابط بہتر بنانے پر خصوصی تبادلہ خیال ہوا۔ 


وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان افغان امن عمل کیلئے کھلے دل، نیک نیتی سے مصالحانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔ افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام کا یہی واحد راستہ ہے۔ وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد افغان صدر وزیراعظم ہاؤس پہنچے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

 

وزیراعظم عمران خان نے افغان صدر سے کابینہ ارکان کا تعارف کرایا، وزیراعظم عمران خان اور افغان صدر کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی۔ باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

افغان صدر آج شام اپوزیشن لیڈر شہبازشریف سے بھی ملاقات کریں گے، اسلام آباد میں تھنک ٹینک کے اجلاس سے خطاب اور صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے دیئے گئے عشائیے میں شرکت کریں گے۔ افغان صدر کل صبح لاہور جائیں گے۔ گورنر اور وزیر اعلی پنجاب سے ملاقاتیں کریں گے۔ بادشاہی مسجد میں نماز جمعہ ادا کریں گے اور کل شام لاہور سے ہی واپس افغانستان روانہ ہوں گے۔

عطاء سبحانی  3 ماه پہلے

متعلقہ خبریں