العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کا فیصلہ محفوظ، 24 دسمبر کو سنایا جائیگا

اسلام آباد (پبلک نیوز) احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف فلیگ شپ اور العزیزیہ ریفرنسز پر فریقین وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلے محفوظ کرلیے جنہیں 24 دسمبر کو سنایا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت مکمل کرلی گئی۔ کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے کی۔ نوازشریف کے خلاف دونوں ریفرنسز کا فیصلہ محفوظ کر لیا گیا۔ آج نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے یوکے لینڈ رجسٹری سے موصول شدہ اضافی دستاویزات عدالت میں جمع کروا دیں۔ خواجہ حارث نے کہا کہ کیپٹل ایف زیڈ ای میں ملازمت صرف ویزا مقاصد کے لیے تھی۔ جج نے دریافت کیا کہ تنخواہ سے متعلق آپ کا مؤقف درست مان لوں تو کیس سے کیا تعلق بنتا ہے؟ جس پر وکیل نے کہا کہ تعلق یہ ہے نواز شریف کی صرف ملازمت ثابت ہو رہی ہے ملکیت نہیں۔

 

نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے جواب الجواب دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے آج کچھ دستاویزات پیش کیں، اس کا مطلب ہے تمام دستاویزات ان کی دسترس میں تھیں۔ نواز شریف نے جان بوجھ کر وہ دستاویزات پیش نہیں کیں۔ 15 ماہ تک جاری رہنے والی 183 سماعتوں میں نوازشریف کے وکیل ایک بھی ٹھوس ثبوت پیش نہ کر سکے اور آج مزید ایک ہفتے کی مہلت کی استدعا کی۔ خواجہ حارث نے مزید وقت کے لیے موقف اپنایا کہ دستاویز برطانیہ میں لینڈ برطانیہ میں لینڈ رجسٹری ڈیپارٹمنٹ کو بھی نہیں ملی، عدالت نے سوال کیا کہ کب تک مل سکتی ہیں جس پر خواجہ حارث نے جواب دیا کہ کچھ وقت نہیں بتا سکتے۔ ایک ہفتے کا وقت دیں تو شاید وہ دستاویز آ جائے۔

 

نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ اس وقت ملزم کی یہ درخواست معاملے کو التوا میں ڈالے گی، حتمی دلائل پہلے ہی مکمل ہو چکے ہیں۔ احتساب عدالت نے خواجہ حارث کی ایک ہفتے کی مہلت دینے کی استدعا مسترد کردی۔ عدالت نے العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔ سپریم کورٹ نے 24 دسمبر تک فیصلہ سنانے کا حکم دے رکھا ہے۔

علاوہ ازیں دونوں ریفرنسز پر 15 ماہ تک ایک سو تراسی سماعتیں ہوئیں۔ پہلی ایک سو تین سماعتیں جج محمد بشیر  نے کیں۔ 80 سماعتیں جج ارشد ملک نے کیں۔ العزیزیہ میں 22 اور فلیگ شپ میں 16 گواہان پیش ہوئے۔ جبکہ سپریم کورٹ نے 24 دسمبر تک فیصلہ سنانے کا حکم دے رکھا ہے۔

حارث افضل  3 ماه پہلے

متعلقہ خبریں