عمران خان کے خلاف نااہلی درخواست پر مقررہ بینچ کی سماعت سے معذرت

اسلام آباد(پبلک نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ نے عمران خان کے خلاف نااہلی درخواست پر سماعت سے معذرت کرلی۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کیس ایسے بینچ کو منتقل کریں جس میں ہم دونوں ججز شامل نہ ہوں۔

 

عمران خان کے خلاف جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے دائر نااہلی کی درخواست پر سماعت آگے نہ بڑھ سکی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے مقررہ ڈویژن بنچ نے کیس سننے سے معذرت کرلی۔ درخواستگزار کے وکیل شیخ احسن الدین نے بینچ تبدیل کرنے کی استدعا کی۔ موقف دیا کہ ہماری درخواست ابتدائی سماعت کے بعد ایک معزز جج نے آرڈر جاری کیا۔

 

عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے کہا کہ درخواست گزار کی طرف سے جج کا نام لے کر خواہش کا اظہار کیا گیا، کیس دوسرے بینچ کو منتقلی کا اختیار صرف سپریم کورٹ کو ہے۔

 

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ رجسٹرار آفس نے کیس منتقلی کی درخواست اعتراض لگا کر ناقابل سماعت قرار دے دیا ہے۔ مقررہ بینچ نے کیس کی سماعت سے معذرت کر لی۔ جسٹس عامر فاروق نے ہدایت کی کہ کیس کسی ایسے بینچ کو منتقل کیا جائے جس میں ہم دونوں ججز شامل نہ ہوں۔ بینچ میں جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب شامل تھے۔

عطاء سبحانی  1 سال پہلے

متعلقہ خبریں