بلوچستان ملک کا مستقبل ہے: آرمی چیف

کوئٹہ (پبلک نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سدرن کمانڈ کوئٹہ اور سکول آف انفنٹری اینڈ ٹیکٹکس کا دورہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے روشن مستقبل کیلئے بھرپور تعاون کریں گے، پاک فوج نے داخلی خطرات ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ، عوام کی توقعات پر ہمیشہ پورا اتریں گے۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سدرن کمانڈ ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔  چیف آف آرمی سٹاف کو بلوچستان میں سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ بھی دی گئی۔ آرمی چیف کو نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد، آپریشن رد الفساد میں پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ جنرل باجوہ کو خوشحال بلوچستان پروگرام کے تحت سماجی و معاشی ترقی کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے بلوچستان میں جاری سیکیورٹی آپریشنز اور ترقیاتی منصوبوں پر اظہار اطمینان کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے۔ روشن مستقبل کے لیے حکومت اور بلوچستان کے عوام کی مدد ہمارا فرض ہے۔

 

آرمی چیف نے کوئٹہ میں انفنٹری اینڈ ٹیکٹکس سکول کا دورہ بھی کیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ اندرونی خطرات میں کمی کے لیے پاک فوج نے انتہائی اہم کردار ادا کیا۔ پاک فوج نے سرحدوں پر بھی موثر جواب دیا۔ قوم پاک فوج کی قربانیوں کا اعتراف کرتی ہے۔ دہشتگردی اور عسکریت پسندی کے خلاف جنگ میں قوم پاک فوج کے ساتھ ہے۔

حارث افضل  3 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں