ملک کو مشکلات سے نکالنے کیلئے مل کر جدوجہد کرنا ہو گی: اسفندیار ولی خان

پشاور(پبلک نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ موجودہ تبدیلی حکومت کی ناکامیوں نے عوام کا جینا مہنگائی کے بوجھ تلے دو بھر کر دیا ہے، اس وقت ملک کو معاشی بحران، مہنگائی، بے روزگاری کا سامنا ہے۔

 

عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک کی صورت حال انتہائی حساس اور نازک ہے۔ موجودہ تبدیلی حکومت کی ناکامیوں نے عوام کا جینا مہنگائی کے بوجھ تلے دو بھر کر دیا ہے۔ حکومت کی جانب سے ملک میں آئینی اداروں پر حملے کیے جا رہے ہیں۔ سپریم کورٹ کے جج قاضی فائر عیسی صاحب کی عظمت اور بہادری، اور بغیر خوف یا دباو کے فیصلے مثالی ہیں، ہم حکومت اور اس کی پشت پناہی کرنے والوں کو انتباہ کرتے ہیں، اس وقت میڈیا پر غیر اعلانیہ پابندیاں ہیں۔

 

عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے کہا کہ وکلاء برادری سپریم کورٹ پر شب خون مارے جانے کے خلاف احتجاج کی کال دے رہی ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے پاکستان بھر کے کارکنان کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ وکلاء برادری اور اپوزیشن کے ساتھ ملکر شانہ بشانہ احتجاج میں شرکت کریں، کیونکہ عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ قانون، آئین، جمہوریت، آزاد عدلیہ اور آزاد میڈیا کے لئے جدوجہد کی اور قربانیاں دیں۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ آج موجودہ حکومت کی آمرانہ پالیسیاں نظر آرہی ہیں۔ میڈیا اور عدلیہ پر شب خون مارا جا رہا ہے، ہم آج بھی اپوزیشن کو کہتے ہیں کہ اپنے اختلافات ختم کر کے ایک پیج پر اکھٹے ہوں، اس وقت ملک کو معاشی بحران، مہنگائی، بے روزگاری کا سامنا ہے۔ وفاق اداروں پر حملے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ملک کو مشکلات سے نکالنے کے لئے ہم سب کو مل کر جدوجہد کرنا ہو گی۔

عطاء سبحانی  3 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں