ہنگامہ آرائی کیس میں پیپلزپارٹی کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کی ضمانت منظور


اسلام آباد(پبلک نیوز) آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی نیب پیشی کے موقع پر ہنگامہ آرائی کا معاملہ، اسلام آباد کی ضلعی عدالت نے پیپلزپارٹی کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کی ضمانت منظور کر لی۔

 

سابق صدر آصف زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی نیب پیشی کے موقع پر ہنگامہ آرائی کیس کی سماعت۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج محمد جہانگیر نے کی، پولیس کی جانب سے مصطفی نواز کھوکھر کی ضمانت منسوخی کی استدعا کی گئی۔ پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ پولیس کا مورال مصطفی نواز کھوکھر کی وجہ سے ڈاﺅن ہوا۔ وکیل مصطفی نواز کھوکھر نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ نیب کے خلاف بات کرنا جرم نہیں، بلاول بھٹو آور آصف زرداری کی نیب پیشی پر کارکنوں نے تو آنا ہی تھا۔

 

عدالت نے دلائل سننے کے بعد مصطفیٰ نواز کھوکھر کی ضمانت منظور کرتے ہوئے پانچ لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفی نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا اور من گھڑت الزامات لگائے گئے۔ عدالت نے پاکستان پیپلز پارٹی اسلام آباد کے صدر شکیل عباسی کی ضمانت بھی منظور کر لی، شکیل عباسی کی 5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں پر ضمانت منظور کی گئی۔

عطاء سبحانی  2 ماه پہلے

متعلقہ خبریں