بلاول نے حکومت گرانے کے لیے ایم کیو ایم سے مدد مانگ لی

کراچی (پبلک نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے حکومت گرانے کے لیے ایم کیو ایم سے مدد مانگ لی، ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں شمولیت کی مشروط پیشکش کر دی، ان کا کہنا ہے کہ متحدہ کے پاس وفاق میں جتنی سیٹیں ہیں کراچی میں دینے کو تیار ہیں، شرط یہ ہے کہ عمران خان کو گھر بھیجیں۔ 

 

بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں چار میگا منصوبوں کا افتتاح کیا، تقریب میں میئر کراچی وسیم اختر بھی موجود تھے۔ اپنے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس وقت وفاقی حکومت کی عوام دشمن پالیسی چل رہی ہے، ہمیں وفاق سے اپنا حصہ چھیننا پڑےگا۔ ایم کیو ایم پی ٹی آئی سے اپنا اتحاد توڑے۔ اس حکومت کو گرا دو، ہم آپ کا ساتھ دیں گے۔ متحدہ کے پاس جتنی وفاق میں سیٹیں ہیں کراچی میں دینے کو تیار ہیں۔

 

ان کا کہنا تھا کہ صرف شرط یہ ہے کہ عمران خان کو گھر بھیجیں۔ عمران خان اور ان کی حکومت کو گھر جانا ہوگا۔ جب دو ہزار بیس میں الیکشن ہونگے تو کراچی کے عوام یوٹرن لیں گے وہ پیپلزپارٹی کے ساتھ ہونگے۔  بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے 8 لاکھ لوگوں کو نکالنا ظلم ہے۔

 

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات غریب دشمنی کی علامات ہیں۔ وفاق کی گیس پالیسی کی مذمت کرتے ہیں۔  گیس کے مسئلے پر سندھ کا حق مارا جارہا ہے۔ گیس معاملے پر بیان بازی کرنے والے وزرا استعفیٰ دیں۔  ہمیں ہمارا حق ملے تو نہ صرف صوبے بلکہ ملک کا چہرہ بدل دیں گے۔

احمد علی کیف  3 ماه پہلے

متعلقہ خبریں