باکسر عامر خان نے آسٹریلیا کے بلی ڈب کو ہرا کر ایک اور ٹائٹل جیت لیا

 

سعودی عرب(پبلک نیوز) برطانوی نژاد پاکستانی باکسر عامر خان نے آسٹریلیا کے بلی ڈب کو ہرا کر ایک اور ٹائٹل جیت لیا۔ عامر خان کی جارحانہ باکسنگ کے سامنے آسٹریلوی باکسر صرف چار راؤنڈ ہی ٹک سکا۔

 

رِنگ کے کِنگ عامر خان نے آسٹریلوی باکسر بلی ڈب کو ناک آؤٹ کر کے ڈبلیو بی سی ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ جدہ کے کنگ عبداللہ اسٹیڈیم میں ہونے والی فائٹ کے پہلے راؤنڈ میں ہی عامر خان آسٹریلوی حریف پر حاوی دکھائے دیئے۔ دوسرا راؤنڈ شروع ہوا تو بلی ڈیب نے عامر خان پر چند حملے کیے۔ لیکن پھر عامر نے الٹے ہاتھ سے ایسا وار کیا کہ آسٹریلوی حریف لڑکھڑا کر گر گئے۔

 

تیسرے راؤنڈ میں بھی عامر خان نے مکوں کی بارش جاری رکھی۔ چھوتے راؤنڈ میں عامر خان نے بلی ڈیب کو گرنے پر مجبور کر دیا۔ بلی ڈیب کی ٹیم نے اپنے باکسر کو بچانے کے لیے تولیہ رنگ میں پھیک دیا۔ فائٹ ختم ہوئی اور عامر خان کو فاتح قرار دیا گیا۔

 

دلچسپ مقابلہ دیکھنے سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف، وزیر سائنس اینڈ ٹیکنا لوجی فواد چودھری اور پاکستانی سفیر بھی موجود تھے۔ سابق آرمی چیف نے عامر خان کو گلے لگا کر مبارکباد دی۔ عامر نے تحفے میں اپنے گلوز پیش کیے۔

 

باکسر عامر خان کی فائٹ بھارتی باکسر ویرت گویت سے ہونا تھی مگر فائٹ سے چند روز قبل بھارتی باکسر کار حادثے کا شکار ہوکر زخمی ہو گئے اور فائٹ سے انکار کر دیا۔

احمد علی کیف  3 روز پہلے

متعلقہ خبریں