برٹش ایئرویز کا پاکستان کیلئے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان

اسلام آباد(پبلک نیوز) برٹش ایئرویز کا پاکستان کیلئے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ، 10 سال بعد برطانوی فضائی کمپنی پاکستان میں آپریشنل کریں گی، پروازوں کا آغاز جون 2019ء سے کیا جائے گا۔ شیڈول کے مطابق ہفتے میں 3 پروازیں اسلام آباد سے لندن کے درمیان چلائی جائیں گی۔

 

اسلام آباد میں وزیراعظم کے مشیر زلفی بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے برٹش ائیر ویز کے نمائندے نے کہا کہ برٹش ایئرویز کو پاکستان پروازوں کی بحالی سے بہت خوشی ہے۔ قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر رچرڈ کراؤڈر کا کہنا تھا کہ برٹش ائیرویز نے پاکستان میں فضائی آپریشن بحال کر دیا ہے، امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی، جس کے باعث سروس کو دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے۔

 

قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان کیلئے برطانیہ دوسری بڑی مارکیٹ ہے۔ اسلام آباد سے لندن کے ہیتھرو ائیر پورٹ کیلئے ہفتے کے دوران تین فلائٹس چلیں گی۔ برٹش ائیر ویز کے نمائندے کا کہنا تھا کہ پاکستان کیلئے 10 سال بعد پروازیں شروع کر رہے ہیں۔ ہفتے میں 3 مرتبہ چلائی جانے والی پروازوں کا دو طرفہ کرایہ 499 برطانوی پاونڈ مقرر کیا گیا ہے اور پروازوں کیلئے تھری کلاس 787 ڈریم لائنر طیارے استعمال کئے جائیں گے۔

وزیراعظم کے مشیر زلفی بخاری نے کہا کہ پاکستان میں برٹش ایئر ویز کی بحالی ثبوت ہے کہ ملک میں سکیورٹی بہت اہم ہے۔ پاکستان میں استحکام کی وجہ سے سرمایہ کاری آرہی ہے۔ موجودہ حکومت ملک کی اقتصادی بہتری کے لئے کوشاں ہے۔ برٹش ایئر ویز کی پروازوں کی بحالی کونیکٹیویٹی کے لئے اہم ہے۔ عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ ہمارے برطانیہ سے تاریخی تعلقات ہیں، پاک برطانیہ تجارتی و اقتصادی تعلقات بہت اہم ہیں۔ برٹش ایئر ویز کی پاکستان پروازوں کی بحالی بہت اہمیت کی حامل ہے۔

 

اس حوالے سے برٹش ہائی کمشنر تھامس ڈرو نے اپنے ٹوئٹ میں پیغام دیا کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئےبہت خوشی ہو رہی ہے کہ برٹش ائیر ویز پاکستان میں دوبارہ پروازوں کا آغاز کر رہی ہے۔ اسلام آباد اور لندن کے درمیان براہ راست پروازیں اگلے سال جون سے شروع ہو جائیں گی۔ اس اقدام سے دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

عطاء سبحانی  4 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں