برطانوی شاہی جوڑے کا ایک روزہ لاہور کا دورہ

لاہور (پبلک نیوز) برطانوی شاہی مہمانوں کے استقبال میں لاہوریوں نے پلکیں بچھا دیں۔ زندہ دلان لاہور نے شاہی جوڑے کا پرتپاک استقبال کیا۔ مہمانوں نے شاہی قلعے کی سیر کی، بادشاہی مسجد بھی دیکھی۔ شہزادے اور شہزادی نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بلا بھی گھمایا۔ شوکت خانم اسپتال بھی دیکھا۔ ایس او ایس ویلیج کے بچوں سے بھی ملے۔

 

برٹش رائیل ایئرفورس کا طیارہ لاہور کی فضاؤں سے ہوتا ہوا ایئرپورٹ پر اترا۔ جہاز کا دروازہ کھلا اور شہزادہ اور شہزادی افسانوی کرداروں کی مانند جہاز کی سیڑھیوں سے اترتے دکھائی دیئے۔ شاہی جوڑے کا ریڈکارپٹ استقبال کیا گیا، وزیراعلیٰ اور گورنر پنجاب نے خوش آمدید کہا۔

 

شہزادی کیٹ آج بھی مشرقی رنگ میں رچی بسی نظر آئیں۔ سفید لانگ شرٹ، میچنگ ٹراؤزر، شانوں پر ڈوپٹہ، ہاتھ میں کلچ، کھلے سنہری بال، کانوں میں چھوٹی چھوٹی بالیاں، شہزادی کا لباس آج بھی مرکز نگاہ تھا۔

 

گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب نے تحائف پیش کیے۔ وزیراعلیٰ نے شہزادے کو زیتون کی لکڑی سے بنی روایتی چھڑی اور پینٹگ کا تحفہ دیا۔ شہزادی کو تحفے میں شال دی گئی۔ گورنر پنجاب نے گورنر ہاؤس پر چھپی کتاب پیش کی۔

 

شاہی جوڑے نے ایس او ایس ویلیج کا بھی دورہ کیا، شاہی مہمان بچوں میں گھل مل گئے، ان سے گپ شپ کی۔ میوزیکل کلاس بھی ایٹنڈ کی۔ شہزادے اور شہزادی نے بچوں کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔ پچاس منٹ کے قیام میں خوبصورت یادیں لے کر روانہ ہوئے۔

 

شاہی مہمانوں کا اگلا پڑاؤ تھا نیشنل کرکٹ اکیڈمی۔ چیئرمین پی سی بی نے استقبال کیا۔ شہزادے اور شہزادی نے بچوں کے ساتھ کرکٹ بھی کھیلی۔

 

این سی اے کے بعد شاہی جوڑا پہنچا بادشاہی مسجد، خطیب مولانا عبدالخبیر آزاد نے استقبال کیا۔ شہزادے اور شہزادی کو تاریخی مسجد کے مختلف حصے دکھائے گئے۔ شاہی قلعہ کا دورہ بھی کیا۔

 

برطانوی شاہی مہمانوں کے دورہ لاہور کا آخری پڑاؤ تھا شوکت خاتم کینسر اسپتال۔ شہزادے اور شہزادی نے کینسر کے مریض بچوں سے ملاقات کی۔ بہت سا پیار سمیٹ کر واپس روانہ ہو گئے۔

احمد علی کیف  4 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں