بدعنوان عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر ہی دم لیں گے: چیئرمین نیب

لاہور(پبلک نیوز) چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کیخلاف آشیانہ ہاوسنگ سوسائٹی کے الزامات میں جلد از جلد ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کرنے کی ہدایت کی ہے اور نیب افسر کے تفتیشی افسر پر زور دیا ہے کہ کسی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے، بدعنوان عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر ہی دم لیں گے۔

 

نیب لاہور میں چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں ڈی جی نیب لاہور نے چیئرمین نیب کو شریف خاندان کے خلاف تفتیش سمیت پیراگون، آشیانہ اقبال پر ہونے والی پیش رفت پر بریفنگ دی، چیئرمین نیب نے ہدایت کی کہ پیراگون ہاوسنگ اسکینڈل میں نیب کی تفتیشی و قانونی ٹیم مکمل تیاری کرے۔ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے یہ ہدایت کی کہ خواجہ برادران کی گرفتاری ضمانت قبل از گرفتاری کیخلاف نیب ٹیم اپنا بھر پور موقف پیش کرے۔

 

چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے زور دیا کہ نیب کو زیر تفتیش کیسسز میں مطلوب افراد کو جلد از جلد پاکستان لانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ چیئرمین نیب نے واضح کیا کہ عوام کے اربوں روپے لوٹنے والے جہاں بھی ہوں جس کے بھی عزیز ہوں، نیب عوام کو ان کا حق دلائے گا۔ چیئرمین نیب ریٹائرڈ جاوید اقبال نے حکم دیا کہ ہاوسنگ سوسائٹیوں کے کیسسز کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔

عطاء سبحانی  1 ماه پہلے

متعلقہ خبریں