سینیٹ میں بڑا اپ سیٹ،اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد ناکام، صادق سنجرانی چیئرمین سینیٹ برقرار

 

اسلام آباد (پبلک نیوز) سینیٹ میں بڑا اپ سیٹ۔ اپوزیشن کی چیئرمین سینیٹ کے خلاف عدم تحریک  ناکام ہو گئی۔ سو ووٹ کاسٹ ہوئے۔ تحریک کے حق میں 50 ووٹ کاسٹ ہوئے جبکہ 5 ووٹ مسترد اور 45 ووٹ صادق سنجرانی کے حق میں ڈالے گئے۔

 

سینیٹ کی تاریخ میں پہلی بار چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کو عہدے سے ہٹانے کی قراردادوں پر رائے شماری ہوئی۔ پریزائیڈنگ افسر بیرسٹر سیف کی زیر صدارت سینیٹ کا باقاعدہ اجلاس ہوا۔ قائد حزب اختلاف راجا ظفر الحق نے چیئرمین صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قرارداد پیش کی جس کی تصدیق کے لیے ووٹنگ کرائی گئی اور 64 اراکین نے اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر راجا ظفر الحق کی قرارداد کی حمایت کی۔ جس پر بیرسٹر محمد علی سیف نے تحریک پر رائے شماری کی منظوری دے دی۔

 

 

ایوان بالا میں اس وقت کل سینیٹرز کی تعداد 103 ہے۔ مسلم لیگ ن 30، پیپلز پارٹی 20، تحریک انصاف 14، ایم کیو ایم 5، نیشنل پارٹی 5، جے یو آئی ف4، جماعت اسلامی 2، بلوچستان عوامی پارٹی 2، پختونخوا ملی عوامی پارٹی 2، اے این پی 1، بی این پی مینگل 1، مسلم لیگ فنکشنل 1 جبکہ آزاد ارکان کی تعداد 16 ہے۔

 

حکومت اور اتحادی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی حمایت کر رہے ہیں جن کو ایوان میں 36 ارکان کی حمایت حاصل رہی۔ جماعت اسلامی نے تحریک عدم اعتماد کے معاملے سے الگ رہنے کا فیصلہ کیا ہے، جماعت اسلامی کے سینیٹرز کی تعداد 2 ہے۔ اپوزیشن نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینیٹر میر حاصل بزنجو کو چیئرمین سینیٹ کے عہدے کے لیے اپنا مشترکہ امیدوار نامزد کیا تھا۔

 

واضح رہے کہ رائے شماری خفیہ طریقے سے کرائی گئی اور 100 اراکین نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا جن میں سے 5 ووٹ مسترد ہوگئے۔ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے اپوزیشن کو 53 ارکان کی ضرورت تھی لیکن اسے 50 ووٹ ملے۔ دوسری جانب صادق سنجرانی کے حق میں 45 ووٹ ڈالے گئے۔

 

اس طرح چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگئی اور اپوزیشن اتحاد سینیٹ میں عددی اکثریت ہونے کے باوجود چیئرمین کو ہٹانے میں ناکام ہوگیا۔ اپوزیشن کے 9 ووٹ صادق سنجرانی کو ملے۔

 

ووٹنگ کے دوران جماعت اسلامی کے سراج الحق اور سینیٹر مشتاق احمد جبکہ ن لیگ کے چودھری تنویر ایوان سے غیر حاضر رہے۔ جماعت اسلامی نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں غیر جانبدار رہنے کا اعلان کیا تھا۔

احمد علی کیف  2 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں