وزیراعلیٰ پنجاب سے چینی سفیر کی ملاقات، نئے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

لاہور (پبلک نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارسے وزیراعلیٰ آفس میں چین کے سفیر یاؤجنگ کی ملاقات، پاک چین تعلقات کے فروغ، سی پیک کے منصوبوں اور نئے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سے چینی سفیر کی ملاقات ہوئی جس میں مستقبل میں تعاون کو نئی جہت دینے کے لیے پبلک پرائیویٹ شراکت داری، سپیشل اکنامک زونز کے قیام اور سماجی شعبوں کی ترقی کے لیے مشترکہ اقدامات کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کا انتہائی بااعتماد دوست ملک ہے۔ نئے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں چین کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے دور میں پاک چین دوستی کا نیا باب رقم ہو رہا ہے۔

پاک چین معاشی تعلقات کی نئی جہتوں پر کام شروع ہو چکا ہے۔ سی پیک کے منصوبے پاکستان کی پائیدار ترقی کے سفر میں اہمیت کے حامل ہیں۔ پنجاب حکومت نئے سپیشل اکنامک زونز قائم کر رہی ہے۔ سپیشل اکنامک زونز میں چینی سرمایہ کاروں کو مراعات اور سہولتیں دیں گے۔

پاک چین معاشی تعلقات کو پبلک پرائیویٹ شراکت داری سے عروج ملے گا۔ سماجی شعبوں کی پائیدار ترقی ہماری حکومت کی ترجیح ہے۔ سماجی شعبوں میں چین کے تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ پاکستان اور چین کے درمیان عوامی سطح پر بھی رابطے مضبوط کریں گے۔

سی پیک کی نئی جہتوں کو سامنے رکھ کر مستقبل کا لائحہ عمل مرتب کریں گے۔ توانائی، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبو ں میں چین کی معاونت خوش آئند ہے۔ زراعت اور فارمنگ میں بھی چین کی جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔ پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول موجود ہے۔ چینی سرمایہ کار سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔

چینی سفیر یاؤ جنگ نے گفتگو کے دوران کہا کہ پنجاب حکومت کا سپیشل اکنامک زونز کے قیام کا اقدام قابل تعریف ہے۔ سپیشل اکنامک زونز کے قیام سے پاک چین معاشی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے فروغ سے دونو ں ملکوں کو فائدہ پہنچے گا۔

یاؤ جنگ کا کہنا تھا کہ سماجی شعبوں کی ترقی کیلئے پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون کو مزید بڑھانا چاہتے ہیں۔ عوامی سطح پر رابطوں میں اضافے کیلئے مل کر اقدامات کریں گے۔ چین ترقی وخوشحالی کے سفر میں پاکستان کے ساتھ ہے۔

خیال رہے کہ چین کے قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن، اعلیٰ چینی حکام، منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹریز صنعت، منصوبہ بندی و ترقیات، توانائی اورمتعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

احمد علی کیف  1 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں