وزیراعلیٰ کا پنجاب ایمرجنسی سروس میں بھرتیوں پر پابندی ختم کرنے کا فیصلہ

لاہور(پبلک نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس، پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کی کارکردگی اور مستقبل میں ریسکیو1122میں مزید توسیع کے پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔

 

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب نے ریسکیو 1122 کو سراہاتے ہوئے کہا کہ حادثات یا قدرتی آفات میں ریسکیو 1122 کا فوری رسپانس بہت اہمیت کا حامل ہے۔ کسی بھی نا گہانی آفت یا حادثے میں شہریوں کو ایمرجنسی سروسز فراہم کرنا ریسکیو 1122 کا اولین فرض ہے۔ ریسکیو 1122 پیشہ ورانہ انداز سے اس ذمہ داری کو نبھا رہی ہے۔

 

وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب ایمرجنسی سروس میں بھرتیوں پر پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس ضمن میں فوری طور پر سمری تیار کر کے بھجوائی جانے کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب ایمرجنسی کونسل کا اجلاس بھی اگلے ماہ طلب کر لیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ گزشتہ 8برس سے پنجاب ایمرجنسی کونسل کااجلاس نہ ہونا ا فسوسناک ہے۔ سابق حکومت نے پنجاب ایمرجنسی کونسل کا اجلاس نہ بلا کر ایمرجنسی سروس کے ساتھ غلط رویہ اپنایا۔


وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پنجاب ایمرجنسی سروس کے ملازمین کے ایمرجنسی الاؤنس میں اضافے کا فیصلہ کیا۔ اس ضمن میں سمری تیار کر کے وزیراعلیٰ آفس بھجوائی جانے کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تحصیل یا سب تحصیل کی سطح پر ریسکیو 1122 کے تیار سنٹرز کو فوری فنکشنل کیا جائے گا۔ ڈی جی پنجاب ایمرجنسی سروس اس حوالے سے فوری اقدامات کر کے تیار سنٹرز کی تفصیلات پیش کریں۔


وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ان سنٹرز کو فوری فنکشنل کرنے کے لئے ہر طرح کی معاونت مہیا کریں گے۔ ریسکیو سکاؤٹ ٹریننگ کا پروگرام کالجوں میں شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس پروگرام کا اگلے 2ماہ میں آغاز کیے جانے کی ہدایت کی اور ساتھ ہی ہیلی کاپٹر ایمبولینس سروس شروع کرنے کے لئے جامع پلان پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔

 

وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ ہیلی کاپٹر ایمبولینس سروس شروع کرنے کے حوالے سے ہر پہلو کو مد نظر رکھ کر پلان تیار کیا جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ریسکیو1122 ایمرجنسی کا کام کررہی ہے، ان کے کام میں کسی قسم کی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ پنجاب ایمرجنسی سروس کے دیگر ایشوز کوبھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ حادثات اور قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے ریسکیو 1122 کو ہر طرح کا تعاون فراہم کریں گے۔

 

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت حادثات اورقدرتی آفات میں عوام کا تحفظ اپنی بنیادی ذمہ داری سمجھتی ہے۔ ڈی جی پنجاب ایمرجنسی سروس ڈاکٹر رضوان نصیر نے ادارے کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔ مشیر صحت حنیف پتافی ، چیف سیکرٹری ، ایڈیشنل آئی جی پولیس، سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ، سیکرٹری سپیشلائز ڈہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اور متعلقہ حکام کی اجلاس میں شرکت۔

عطاء سبحانی  2 ماه پہلے

متعلقہ خبریں