وزیراعلیٰ پنجاب کی شیخ رشید سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

لاہور(پبلک ینوز) وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے میرٹ کے نام پر اقرباء پروری کے کلچر کو فروغ دیا۔ ہمارا عوام سے تعلق ہے اورعوام کے مینڈیٹ پر آنچ نہیں آنے دیں گے، سمت درست اور نیت نیک ہے۔

 

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد کی ملاقات ہوئی، وزیراعلیٰ آفس میں ہونے و الی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، فلاح عامہ کے منصوبوں اورسیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال۔ اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے میرٹ کے نام پر اقرباء پروری کے کلچر کو فروغ دیا۔ سابق ادوار کی غلط پالیسیوں کے باعث قومی خزانے کو نقصان پہنچا، جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑا۔ سابق حکمرانوں نے منصوبوں کے نام پر قومی وسائل کا بے دریغ ضیاع کیا۔

 

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ عوام کی بنیادی ضرورتوں کو نظرانداز کیا گیا۔ کرپشن کے ناسورنے ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کیا۔ ملک کو مقروض بنانے والے کس منہ سے رہنمائی کا دعویٰ کر سکتے ہیں۔ کرپشن کرنے والوں کا مستقبل تاریک ہو چکا ہے۔ نئے پاکستان میں کرپشن کی گنجائش ہے نہ کرپٹ عناصر کی۔ وزیراعظم عمران خان کا "کرپشن فری پاکستان" قوم کے دل کی آواز بن چکا ہے۔ موجودہ حکومت نے مختصر عرصے میں ہر سطح پر بچت، سادگی اور کفایت شعاری کو فروغ دیا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔ میرٹ اور انصاف کے تقاضوں کے مطابق حکومتی امور سر انجام دے رہے ہیں، ہمارا عوام سے تعلق ہے اور عوام کے مینڈیٹ پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ خدمت کا سفر میں کسی کو حائل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ نئے پاکستان میں ہرعلاقے کو یکساں ترقی دیں گے۔ ماضی کی طرح مخصوص شہروں کیلئے وسائل مختص نہیں کیے جائیں گے۔

 

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عوام کی بے لوث خدمت ہمارا مشن ہے، اسے ہر قیمت پر پورا کریں گے۔ ملک و قوم کی بہتری کیلئے کئے گئے فیصلوں کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ سمت درست اور نیت نیک ہے۔ مختصر عرصے میں مختلف شعبوں میں اصلاحات کر کے نئی مثال قائم کی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے خدمت خلق کا جو موقع عطا کیا ہے، اسے عبادت سمجھ کر نبھائیں گے، ہم کام کرنے آئے ہیں اور کام کر کے دکھائیں گے۔

عطاء سبحانی  2 ماه پہلے

متعلقہ خبریں