تحریک انصاف حکومت خواتین کو مرکزی دھارے میں شامل کرنے کیلئے پرعزم ہے: وزیر اعلیٰ پنجاب

لاہور (پبلک نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا ملازمت پیشہ خواتین کے حقوق کے قومی دن کے موقع پر پیغام۔ ان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت خواتین کو معاشرے کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ نئے پاکستان میں خواتین کو حقوق کی فراہمی اور انہیں با اختیار بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔ اسلام نے خواتین کو جن حقوق سے نوازا ہے، اس کی مثال نہیں ملتی۔ خواتین کو ان کے حقوق دیئے بغیرملک ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کی اقتصادی و سماجی ترقی کیلئے خواتین کو میدان عمل میں اپنا بھر پور کرداراداکرنا ہے۔ پاکستانی خواتین نے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کے ذریعے نمایاں نام پیدا کیا ہے۔ انتظامی اور دفاعی اداروں میں بھی خواتین کا بھرپور کردار قابل ستائش ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ورکنگ ویمن ڈے منانے کا مقصد قومی ترقی میں کردار ادا کرنے والی خواتین کی خدمات کا اعتراف ہے۔ ہمیں حقوق نسواں کیلئے اپنی مذہبی ، سماجی اور اخلاقی ذمہ داریاں بطریق احسن ادا کرنے کا عہد کرنا ہوگا۔

اپنے پیغام میں انھوں نے بتایا کہ یہ دن ملک کی تعمیر وترقی میں کردار ادا کرنے والی خواتین کو آگے بڑھنے کیلئے حوصلہ افزائی کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ آج کے دن ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہو گا خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے تمام اقدامات عمل میں لائے جائیں۔

احمد علی کیف  3 ماه پہلے

متعلقہ خبریں