ترقی و خوشحالی کی منزل حاصل کرنے کا واحد ذریعہ میرٹ ہے:وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور(پبلک نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اداروں میں بھرتیاں میرٹ کی بنیاد پر کی جا رہی ہیں۔ عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار باصلاحیت ٹیلنٹ سامنے لانا حکومت کا مشن ہے۔ پیپرز مارکنگ کی فیس بڑھانے کے حوالے سے مطالبے پر ہمدردانہ غور کریں گے۔

 

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن لیفٹیننٹ جنرل (ر) مقصود احمد کی ملاقات۔ چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن نے وزیراعلیٰ کو سال 2018 کی رپورٹ پیش کی۔ چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن نے ادارے کی کارکردگی کے بارے میں وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ملاقات کے دوران اپنا اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار باصلاحیت ٹیلنٹ سامنے لانا حکومت کا مشن ہے۔

 

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن کو اس ضمن میں اپنا بھرپور اور موثر کردار ادا کرنا ہے۔ نئے پاکستان میں میرٹ کو آگے لے کر جائیں گے۔ میرٹ اور شفافیت سے ہی قومیں آگے بڑھتی ہیں۔ ترقی و خوشحالی کی منزل حاصل کرنے کا واحد ذریعہ میرٹ ہے، ہماری حکومت نے صوبے میں میرٹ اور شفافیت کے نئے کلچر کی بنیاد ڈالی ہے۔ اداروں میں بھرتیاں میرٹ کی بنیاد پر کی جا رہی ہیں۔

 

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن کو مزید فعال بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔ شملہ پہاڑی پر واقع عمارت کی جگہ نئی بلڈنگ کی تعمیر کا جائزہ لیا جائے گا۔ پیپرز مارکنگ کی فیس بڑھانے کے حوالے سے مطالبے پر ہمدردانہ غور کریں گے۔ کمیشن کے دیگر مطالبات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ میرٹ کو فروغ دینے میں پنجاب پبلک سروس کمیشن کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔

 

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مزید کہا کہ آن لائن انٹرویو سے امیدواروں کو بہت سہولت مل رہی ہے۔ ادارے میں جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دے کر اسے مکمل طور پر عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ ممبر پنجاب پبلک سروس کمیشن سید ابن عباس بھی اس موقع پر موجود تھے۔

عطاء سبحانی  2 ماه پہلے

متعلقہ خبریں