راولپنڈی: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا راجہ بازار میں پناہ گاہ کا دورہ

راولپنڈی (پبلک نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے راجہ بازار میں پناہ گاہ کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے پناہ گاہ میں قیام پذیر افراد کومہیا کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ کی پناہ گاہ میں قیام پذیر افراد سے بات چیت، لوگوں میں گھل مل گئے۔

وزیر اعلیٰ نے پناہ گاہ میں قیام کرنے والے افراد کے ساتھ زمین پر بیٹھ کر ایک ہی ڈش میں کھانا کھایا۔ ایک شہری کی درخواست پر وزیر اعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر کو اس کا مسئلہ سن کر فوری کارروائی کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے پناہ گاہ میں قیام کرنے والے افراد کے توجہ دلانے پر رات کے کھانے کا مینیو تبدیل کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ نے پناہ گاہ میں قیام کے لیے آئے افراد سے ان کے پاس جا کر ہاتھ ملایا۔ انھوں نے قیام کرنے والے لوگوں سے ان کے مسائل بھی پوچھے۔ پناہ گاہ میں قیام پذیر افراد سے دستیاب سہولیات کے بارے میں استفسار بھی کیا۔

انھوں نے پناہ گاہ میں صحت و صفائی اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ عثمان بزدار نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب میں پناہ گاہوں کے قیام سے بے شمار لوگوں کو سونے کے لیے چھت فراہم کی گئی ہے۔ مجبور، نادار اور بے کس افراد کی مدد کرنا ہماری دینی، اخلاقی اور قومی ذمہ داری ہے۔ وزیر اعظم عمران خان حقیقی فلاحی حکومت کے تصورکوعملی شکل دے رہے ہیں۔ پناہ گاہوں میں قیام پذیر افراد کو رہائش کے ساتھ کھانے پینے اور علاج معالجے کی سہولیات بھی مہیا کی جا رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ دوسروں کی ضروریات کا احساس کرتے ہوئے انکی مدد کرنے سے معاشرے سے غربت اور پس ماندگی کا خاتمہ ممکن ہے۔

وزیراعلیٰ کو پناہ گاہ کے انتظامات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ راولپنڈی کی پناہ گاہ میں ساڑھے تین ماہ کے قلیل عرصے میں دس ہزار سے زائد افراد نے قیام کیا۔ راولپنڈی پناہ گاہ میں روزانہ سوا سو سے زائد مسافر قیام کرتے ہیں۔ پناہ گاہ میں قیام پذیر افراد کو ابتدائی علاج معالجے اور فرسٹ ایڈ کیلئے خصوصی کاؤنٹر بھی قائم کیا گیا ہے۔

راولپنڈی پناہ گاہ میں خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور دیگر دور دراز علاقوں کے شہری قیام کی سہولت حاصل کرتے ہیں۔ مسافروں کو مخیر حضرات کے تعاون سے صبح و شام کھانا مہیا کیا جاتا ہے۔ پناہ گاہ میں حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کے لئے کلوز سرکٹ کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں۔

صوبائی وزراء راجہ بشارت ، محمود الرشید اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

احمد علی کیف  2 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں