کرپشن کسی بھی ملک کو کمزور کردیتی ہے، ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے:عمران خان

اسلام آباد(پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مہاتیر محمد کو مسلمانوں کے قائد کی حیثیت سے دیکھتے ہیں۔ ملائیشین نے کرپشن کے خلاف بہترین جدوجہد کی۔ ملائیشین وزیراعظم نے وزیراعظم عمران خان کے کرپشن کے خلاف اقدام کو سراہا۔

 

اسلام آباد میں ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہ مہاتیر محمد کا دورہ پاکستان ہمارے لیے اعزاز ہے۔ مہاتیر محمد کو مسلمانوں کے قائد کی حیثیت سے دیکھتے ہیں۔ کرائسٹ چرچ حملہ بھی اسلام فوبیا کا نتیجہ ہے۔ ملائیشین نے کرپشن کے خلاف بہترین جدوجہد کی۔ کرپشن کسی بھی ملک کو کمزور کردیتی ہے اور کرپشن ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

 

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ملائیشیا نے اندرونی مسائل کو حل کرنے کے لیے بہترین اقدامات کیے۔ معیشت کو بہتر بنانے کے لیے دونوں ممالک کردار ادا کریں گے۔ ملائیشیا سب سے زیادہ پیسہ سیاحت سے کماتا ہے۔ پاکستان کی معاشی حالت بہتر کرنے کے لیے سیاحت اہم ذریعہ ہے۔ پاکستان کا ملائیشیا کے ساتھ تاریخی رشتہ ہے، ملائیشیا مسلم ممالک کے لئے ہمیشہ رول ماڈل رہا اور ڈاکٹرمہاتیر محمد نے ملائیشیا کے حالات بہت بہتر کیے، جبکہ اردوان کے دورمیں ترکی کے لوگوں کے معاشی حالات بہتر ہوئے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اسلامو فوبیا نے امت مسلمہ کو نقصان پہنچایا اور دہشت گردی نے مسلمانوں کو بہت متاثر کیا اور دنیا میں جان بوجھ کر اسلامو فوبیا کو ہوا دی گئی، جبکہ اسلامو فوبیا کی وجہ سے مسلمانوں کی سیاسی جدوجہد کو نقصان پہنچا۔ نیوزی لینڈ میں دہشت گرد نے معصوم افرد کے قتل کی ویڈیو بنائی۔

 

ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک ملائیشیا دوستی پر فخر ہے، پاکستان اور ملائیشیا کی دوستی کئی دہائیوں پر محیط ہے۔ دونوں ممالک کو تجارتی تعلقات بڑھانے کی ضرورت ہے۔ یوم پاکستان میں شرکت میرے لیے اعزاز ہے۔ پاکستان کا کرپشن کے خلاف اٹھایا گیا قدم قابل تعریف ہے۔ کرپشن ملک کی بربادی کا سبب بنتی ہے۔ ملائیشیاء کو بھی سابقہ ادوار میں کرپشن کا سامنا رہا۔

عطاء سبحانی  4 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں