یوم دفاع و شہداء"ہمیں پیار ہے پاکستان سے" کے عنوان سے منایا جائیگا: ترجمان پاک فوج

راولپنڈی(پبلک نیوز)6ستمبر کو یومِ دفاع و شہداء کے سلسلے میں آئی ایس پی آر کے ہیڈ کوارٹرمیں پلاننگ کانفرنس کا انعقاد۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے وزارت اطلاعات کے ہم آہنگ سول سوسائٹی، میڈیا اور افواجِ پاکستان کے نمائندوں کو پلان سے آگاہ کیا۔ شرکاء کو شہیدوں کی لسٹ اور ایڈریس مہیاء کیے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ہمیں پیار ہے پاکستان سے کے نام سے یوم دفاع منایا جائے گا۔ اس سال یومِ دفاع و شہداء منفرد انداز میں منایا جائے گا۔ وزارت اطلاعات اورملک گیر مہم کا فوکل پوائینٹ ہونگے۔ قوم کے نمائندے ہر شہید کے گھر جائیں گے۔ کوئی شہادت بھولی نہیں جائے گی۔ ہر شہید کی تصویر پر شہادت کی تفصیل اور جائے شہادت لکھا جائے گا۔ شہیدوں کے لواحقین کا شکریہ ادا کیا جائے گا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق وطن کی حفاظت اور بقاء کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو سلام کیا جائے گا۔ شہیدوں کے لواحقین کو سلام پیش کیا جائے گا۔ شاپنگ مال شہیدوں کی تصاویر سے سجائے جائیں گے۔ بسوں، ویگنں، ٹرکوں اور پرائیویٹ گاڑیوں پر شہداء کی تصاویر لگائی جائیں گی۔ پاکستان ریلوے انتظامیہ ٹرینوں اور اسٹیشنوں پر شہدا کی تصاویر آویزاں کرے گی۔ تمام ائیر پورٹس پر شہداء کی تصاویر لگائی جائیں گی۔ یومِ دفاع کے سلسلے میں افواجِ پاکستان ہتھیاروں کی نمائش کریں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان کے شہداء کے لواحقین اور غازیوں کے لئے ہر چھاؤنیوں میں دن کے وقت تقاریب منعقد ہو نگی۔ تعلیمی اداروں میں شہدا کی یاد اور وطن سے محبت کی تقریبات ہونگی۔ تمام ادارے اپنے اپنے شہداء کی یاد میں خصوصی تقاریب منعقد کریں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کی قوم سے بھرپور شمولیت کی درخواست،انہوں نے کہا کہ آئیے زندہ قوم کی طرح اپنے شہداء کو یاد رکھیں۔ ہمارے شہداء نے اپنا آج ہمارے محفوظ کل کے لیے قربان کیا۔ شہید ہمارے اصل ہیرو ہیں۔ شہیدوں کو سلام۔ چیمبر آف کامرس، انجمن تاجران اور سول سوسائٹی کی بھرپور تعاون کی یقین دہانی۔ تمام شرکاء کا بھرپور شرکت کا عزم۔

واضع رہے کہ 24اگست کو اپنے ٹوئٹر پیغام میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے اعلان کیا تھا کہ قوم 6 ستمبر کو 'ہمیں پیار ہے پاکستان سے'کے عنوان کے تحت منفرد انداز میں اپنے شہداء کو خراج تحسین پیش کرے گی۔

عطاء سبحانی  1 سال پہلے

متعلقہ خبریں