تجاوزات سے متعلق کیس: وزیربلدیات سعید غنی کو توہین عدالت کا نوٹس جاری

کراچی(پبلک نیوز) سپریم کورٹ نے عدالتی احکامات نہ ماننے پر وزیربلدیات سندھ سعید غنی کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کیا یہ لوگ عدالت سے جنگ کرنا چاہتے ہیں؟ پورے شہر میں لینڈ مافیا منہ چڑھا رہا ہے اور یہ ایسی باتیں کرتے رہے ہیں۔

 

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں شہر میں تجاوزات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔عدالت نے وزیر بلدیات اور میئر کراچی پر برہمی کا اظہار کیا۔ جسٹس گلزار احمد نے استفسار کیا کہ کہاں ہیں وہ بلدیاتی وزیر جو کہتے پھر رہے ہیں، ہم ایک بھی بلڈنگ نہیں گرائیں گے، میئر کراچی بھی بولتے پھر رہے ہیں، ہم عمارتیں نہیں گرائیں گے، کیا انہوں نے عدالت سے جنگ لڑنی ہے؟ جسٹس گلزار نے کہا کہ ہم پہلے سب کو سن لیں پھر دیکھتے ہیں، ان کو کہاں بھیجنا ہے، پورے شہر میں لینڈ مافیا منہ چڑھا رہا ہے اور یہ ایسی باتیں کرتے رہے ہیں۔

 

سپیریم کورٹ نے صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی کی تقریر کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا۔ جسٹس گلزار نے میئر کراچی وسیم اختر کو کہا کہ میئر صاحب آگے آجائیں، آپ نے تو اپنا سیاسی جنازہ نکال لیا ہے۔ جسٹس گلزار نے ڈی جی کے ڈی سے استفسار کیا کہ ملیر روڈ کو آپ نے کیا بنایا؟ کیا کیا اس کا؟ آپ نے پورا شہر بیچ دیا، کتنا پیسہ چاہیئے؟ دبئی لندن میں پراپرٹی بنا لی، نہ وہاں رہ سکتے ہو، نہ کھا سکتے ہو اور نہ وہاں کا موسم یہاں لاسکتے ہیں، آپ نے طارق روڈ دیکھا؟ سارا کچرا وہاں ڈمپ ہو رہا ہے، کسی پلازہ والے نے پارکنگ ایریا نہیں بنایا، شہر سے باہر نکلنے میں 3 گھنٹے لگتے ہیں، کراچی میگا سٹی کے معیار پر نہیں اُترتا، روڈ سسٹم تباہ ہو گیا ہے۔

 

عدالت نے ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی پر بھی سخت برہمی کا اظہار کیا، استفسار کیا کہ ہم نے حکم دیا تھا کہ کراچی سے غیر قانونی تجاوزات ختم کرائیں اس کا کیا ہوا؟ کارروائی کہاں تک پہنچی؟ عدالت نے ڈی جی ایس بی سی اے سے سوال کیا کہ آپ کورٹ سے جیل جائیں گے؟ جسٹس گلزار نے ریمارکس دیئے کہ پنجاب کالونی، دہلی کالونی میں 8،8 منزلہ بلڈنگ بنائی جاتی ہے، پانی ہوتا ہے نہ ہی لفٹ، زینب مارکیٹ سمیت پورے صدر میں غیر قانونی پارکنگ بنی ہوئی ہے۔ ڈی جی ایس بی سی اے بتائیں کب کارروائی کریں گے؟ کب نیند سے اٹھیں گے؟

 

جسٹس گلزار نے کہا کہ سپریم کورٹ میں 1950 سے اب تک کے تمام ماسٹر پلان پیش کیے جائیں، یہ بھی بتائیں کس ماسٹر پلان میں کس کی ہدایت پر کب تبدیلی کی گئی؟ یہ بھی بتائیں کونسی رہائشی عمارت کو کب اور کس کے کہنے پر کمرشل کیا گیا۔ عدالت نے ایس بی سی اے کو شہر بھر سے غیر قانونی تجاوزات فوری ختم کرانے کی ہدایت دی۔

عطاء سبحانی  2 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں