پاکستان کے بعد انڈونیشیا اور ترکی میں بھی زلزلے نے تباہی مچا دی

 

پبلک نیوز: پاکستان کے بعد انڈونیشیا اور ترکی میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ انڈونیشیا میں 6.5 شدت اور ترکی کے شہر استنبول میں 5.8 شدت ریکارڈ کی گئی ہے۔ انڈونیشیا میں 2  درجن جبکہ استنبول میں 15 آفٹر شاکس کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

 

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے بعد انڈونیشیا میں بھی زلزلے نے تباہی مچا دی۔ 4 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ امبن شہر سے 37 کلومیٹر دور 29 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔ زلزلے کی شدت محسوس کرتے ہی لوگ خوفزدہ ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے اور ہر طرف افراتفری پھیل گئی۔

 
6.5 شدت کے زلزلے سے جزیرہ مالوکو میں سڑکیں تباہ ہو گئی اور کئی عمارتیں زمین بوس ہوگئیں جبکہ کئی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی۔ زلزلے کے جھٹکے ایمبون شہر کے گردونواح میں بھی محسوس کیے گئے جس کے بعد شہر میں2  درجن تک آفٹر شاکس بھی آئے۔

 

دوسری جانب ترکی کے شہر استنبول میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریکٹر سکیل پر شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی۔ شہر میں آفٹر شاکس کے مزید 15 جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ترک وزارت صحت کے مطابق ابھی کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔ استنبول کی معروف مسجد کا مینار زلزلے سے متاثر ہوا۔

احمد علی کیف  2 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں