اقتصادی رابطہ کمیٹی نے رمضان پیکج 2019کی منظوری دیدی

اسلام آباد (پبلک نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے رمضان پیکج 2019کی منظوری دے دی۔ محکمہ ڈاکخانہ کو مالی بحران سے نکالنے کیلئے اندرون ملک ڈاک کے نئے نرخ مقرر کرنے کی سمری منظور کر لی گئی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں 8 نکاتی ایجنڈے پر فیصلے غور کیا گیا۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے رمضان پیکج 2019کی منظوری دے دی۔ وزارت صنعت و پیداوار کی طرف سے 2 ارب روپے مالیت کے رمضان ریلیف پیکیج اجلاس میں پیش کیا گیا۔

اجلاس کے دوران محکمہ ڈاکخانہ کو مالی بحران سے نکالنے کیلئے اندرون ملک ڈاک کے نئے نرخ مقرر کرنے کی سمری منظور کی گئی۔ پاکستان اسٹیل مل کے وفات پا جانے والے ملازمین کے ورثاء کو اکتوبر تا دسمبر 2018 تنخواہ، گریجوئٹی اور پروویڈنٹ فنڈ کی ادائیگی کیلئے گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

اعلامیہ کے مطابق وزارت آبی وسائل کی طرف سے ملک میں بڑے ڈیموں اور آبپاشی کے زیر تعمیر منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں سرکاری کمپنی نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کے بجٹ کی منظوری دے دی گئی۔ این ٹی سی کا بجٹ اب وفاقی کابینہ کے روبرو پیش کیا جائے گا۔

اجلاس میں ٹیکسٹائل ڈویژن کو ایک کروڑ 70 لاکھ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ جاری کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی۔ پاکستان ٹیکسٹائل سٹی کے واجبات کی ادائیگی پر غور کیا گیا۔ وزارت خزانہ کو قومی مالی شمولیت پروگرام کے لیے ساڑھے 7 کروڑ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ دینے کی بھی منظوری دے دی گئی۔

احمد علی کیف  1 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں