صدر، وزیراعظم سمیت سیاسی رہنماؤں کی قوم کو عید مبارک

لاہور (پبلک نیوز) عید کے اعلان کے بعد صدر پاکستان عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سمیت دوسری سیاسی رہنماؤں نے مسلمانوں کو عید الفطر پر مبارکباد دی۔

 

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی عید الفطر کا چاند نظر آنے پر قوم کو مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کی  ایک ماہ کی ریاضت اور عبادت کے بعدعید الفطر اللہ تعالیٰ کا مسلمانوں کے لیے خاص انعام ہے۔ عید الفطر عام آدمی کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنے کا نام ہے۔ دوسروں کا احساس کرنا ہی اسلام کی بنیاد ہے۔ قیام امن کے لیے اپنی جانیں نچھاور کرنے والے پاکستان کے بہادر سپوتوں کے اہل خانہ کو بھی اس موقع پر یاد رکھنا ہے۔ عید الفطر کا دن محبت، ایثار اور باہمی اتفاق و اتحاد کا پیغام لیکر آتا ہے۔  ذاتی اختلافات بھلا کر پاک وطن کی خاطر سب کو ملکر کام کرنا ہے۔

 

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا عیدالفطر کے موقعے پر پیغام میں کہنا تھا کہ پاکستان اور خطے سمیت پوری دنیا میں امن و خوشحالی کے لیے دعاگو ہوں۔ رمضان المبارک کی اصل روح  صبر و عاجزی ہے۔  اس جذبے کی رمضان کے بعد بھی پیروی کی جاتی رہنی چاہیے۔ عید کے موقعے پر ملک کی غریب عوام کے لیے فکرمند ہوں۔ وہ عوام جو مہنگائی اور بے روزگاری کے نتیجے میں گذر بسر نہ ہونے کے باعث آہیں بھرنے پر مجبور ہے۔ آسودہ حال افراد کو معاشرے کے غریب بھائیوں سے عید کی خوشیاں بانٹنی چاہیں۔ عید کے پرمسرت لمحات میں ہمیں نادار و محتاج افراد کو بھولنا نہیں چاہیے۔  آج کے دن ملک میں امن کے خاطر جانیں قربان کرنے والوں اور ظلم کا شکار لوگوں کو بھی یاد رکھنا چاہیئے۔

 

پاکستان مسلم لیگ ن کی مریم نواز شریف نے بھی تمام پاکستانیوں کو عید کی مبارکباد دی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ عید الاضحی والد کے ساتھ جیل میں گزارنے کے بعد یہ پہلی عید ہے جو والدین کے بغیر گزار رہی ہوں۔ والد سے ملنے بھی نہیں دیا گیا۔ میری عید اس دن ہوگی جب میرے والد گھر آئیں گے۔+

 

وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات و قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا عید الفطر پر تمام اہلِ وطن کو عید الفطر مبارک دی۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ہمیں رب العزت سے پاکستان کی سلامتی و استحکام کی دعا مانگنی چاہیے۔ عید الفطر کے مبارک تہوار پر دوسروں کو بھی خوشیوں میں شریک کرنا چاہیے۔ عیدالفطر عالم اسلام کے لیے خوشی اور مساوات کا تہوار ہے۔ آج کے دن تمام گلے شکوے دور کرنے کا بہترین موقع ہے۔ آج کے دن ہمیں ایک ہو کر وطن کو مضبوط بنانے کا عہد کرنا ہے۔

حارث افضل  3 ماه پہلے

متعلقہ خبریں