انتخابی مہم کا آخری روز، پی ٹی آئی لاہور، ن لیگ راولپنڈی، پی پی پی شکار پور میں اختتام کریگی

پبلک نیوز: جتنا زور لگانا ہے لگا لو، جتنے دعوے، جتنے وعدے کرنے ہیں کر لو۔ آج آخری روز ہے۔ سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم رات 12 بجے ختم ہوجائے گی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں الیکشن کا زور اپنے عروج پر پہنچ چکا ہے۔ انتخابی مہم بڑے زور اور شور کے ساتھ جاری رہی۔ ن لیگ، تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی نے ملک بھر میں جلسے کیے، کارنر میٹنگز ہوئیں اور گھر گھر جا کر ووٹ کے لیے درخواست کی گئی۔

آج رات 12بجے انتخابی مہم کا وقت ختم ہو جائے گا۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان لاہور میں  مہم ختم کریں گے۔ داتا کی نگری میں کھلاڑی اپنے کپتان کا خطاب سنیں گے۔

صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف نے مہم ختم کرنے کے لیے ڈیرہ غازی خان اور راولپنڈی کا انتخاب کیا ہے۔ دونوں جگہ جلسوں سے خطاب کریں گے اور کارکنان کا لہو گرمائیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سندھ میں سرگرم ہیں۔ لاڑکانہ کی ریلی سے شروع ہونے والا سلسلہ جیکب آباد اور شکار پور میں جلسوں سے خطاب کر کے ختم ہو گا۔

متحدہ مجلس عمل اسلام آباد میں جلسہ کر کے انتخابی مہم کا اختتام کرے گی۔ مولانا فضل الرحمان اور سراج الحق سمیت دیگر رہنما خطاب کریں گے۔

کراچی میں بھی سیاسی گہما گہمی خوب رہی۔ تمام سیاسی جماعتوں نے جلسے کیے۔ ایم کیو ایم پاکستان انتخابی مہم کا آخری جلسہ کراچی کے لیاقت آباد فلائی اوور پر کرے گی۔

الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق تمام سیاسی جماعتیں اورامیدوارپولنگ کے روز سے 48 گھنٹے پہلے انتخابی مہم ختم کرنے کے پابند ہیں۔ خلاف ورزی پر ایک لاکھ روپے جرمانہ یا دو سال قید یا پھر دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔

احمد علی کیف  1 سال پہلے

متعلقہ خبریں