پاکستان کو انگلینڈ نے تیسرے ایک روزہ کرکٹ میچ میں 6وکٹوں سے شکست دے دی

برسٹل(پبلک نیوز) باؤلرز اور فیلڈرز نے بلے بازوں کی کارکردگی پر پانی پھیر دیا، گرین شرٹس 358 رنز کا بڑا سکور بنا کر بھی ناکام، انگلینڈ نے تیسرے ایک روزہ کرکٹ میں 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی۔ میزبان ٹیم کو 5 میچوں کی سیریز میں 2 صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

 

برسٹل میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ قومی ٹیم کا آغاز ایک بار پھر اچھا نہ رہا اور اوپننگ شراکت صرف 7 رنز پر ٹوٹ گئی۔ گزشتہ میچ میں سنچری بنانے والے فخر زمان 2 رنز پر چلتے بنے جبکہ بابر اعظم بھی لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور 15 رنز پر بولڈ ہو گئے۔

 

27رنز پر وکٹیں گرنے کے بعد حارث سہیل اور امام الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 68 رنز کی شراکت داری قائم کی تاہم حارث سہیل 41 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ کپتان سرفراز احمد نے امام الحق کے ساتھ مل کر 65 رنز جوڑے، تاہم 27 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ امام الحق نے 97 گیندوں پر سنچری مکمل کی، انہوں نے اپنے کیرئیر میں151 رنز کی یادگار اننگز کھیلی، جس میں 16 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

 

آصف علی نے بھی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 43 گیندوں پر 52 رنز بنائے جس میں 3 زبردست چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔ قومی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 358 رنز بنائے، عماد وسیم 22، فہیم اشرف 13 اور شاہین آفریدی 7 رنز پر پویلین لوٹے جبکہ حسن علی 18 پر ناٹ آؤٹ رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کے 359 رنز کے بڑے ہدف کو انگلش بلے بازوں نے اپنی عمدہ بیٹنگ کی بدولت 4 وکٹوں پر حاصل کر لیا۔

 

جیسن روئے اور بیرسٹو نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرتے ہوئے 159 کی قیمتی پارٹنرشپ قائم کی، روئے 76 اور بیرسٹو 128 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جوئے روٹ نے 43 اوربین اسٹوکس نے 37 رنز بنائے۔ معین علی 46 اور کپتان مورگن 17 رنز کے ساتھ ناقبل شکست رہے۔ انگلینڈ نے مطلوبہ ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 45ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ پاکستان کی بولنگ لائن ناکام رہی، جنید خان، عماد وسیم اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ بیرسٹو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دونوں ٹیمیں17 مئی کو چوتھے ایک روزہ میچ میں مدمقابل ہوں گی۔

عطاء سبحانی  1 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں