ایفی ڈرین کیس، حنیف عباسی نے فیصلہ ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد(پبلک نیوز) انسداد منشیات کی عدالت نے حنیف عباسی کے خلاف فیصلہ میں کہا ہے کہ 363 کلو گرام ایفی ڈرین کا درست استعمال کیا گیا جبکہ ملزم نے باقی ایفی ڈرین کے استعمال کا ثبوت فراہم نہیں کیا۔ حنیف عباسی نے فیصلہ کو ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

 

ادویات بنانے والی کمپنیوں کو ایفی ڈرین کی الاٹمنٹ میں بے ضابطگی کی باز گشت پہلی مرتبہ مارچ 2011 میں سنی گئی۔ وفاقی وزیر مخدوم شہاب الدین نے قومی اسمبلی کو بتایا کہ مکمل تحقیقات کے بات یہ سامنے آئی ہے کہ ایفی ڈرین کی مقرر کردہ مقدار سے کئی گنا زیادہ مقدار کی غیر قانونی طور الاٹمنٹ کی گئی ہے۔ صرف دو کمپنیوں کو 9 ہزار کلو گرام ایفی ڈرین الاٹ کی گئی جبکہ زیادہ سے زیادہ مقدار 5 سو کلو گرام ہے۔

 

وفاقی وزیر کے انکشاف پر چیف جسٹس چوہدری محمد افتخار نے از خود نوٹس لیا۔ ایفی ڈرین کیس میں اینٹی نارکوٹس فورس نے 27 جولائی 2012ء کو حنیف عباسی کے خلاف چالان جمع کرایا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ حنیف عباسی اور ان کے بھائی کی فارما سیوٹیکل کمپنی نے 2010 میں اپنے کوٹے سے زیادہ ایفی ڈرین الاٹ کروائی لیکن اسے دو سال گزرنے کے باوجود استعمال نہیں کیا گیا۔ اے این ایف نے الزام عائد کیا تھا کہ ایفی ڈرین کو منشیات فروشوں کو فروخت کردیا گیا۔

 

قبل ازیں انسداد منشیات کی عدالت نےایفی ڈرین کوٹہ کیس کا فیصلہ سنا دیا۔عدالت نے جرم ثابت ہونے پرحنیف عباسی کوعمرقید کی سزاسنادی۔ فیصلہ سنائے جانے کے بعد حنیف عباسی کو کمرہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا۔ عدالت نے دیگر ملزمان کو  شک کی بنیاد پر بری کر دیا۔

 

حنیف عباسی این اے 60 راولپنڈی سےن لیگ کے امیدوار تھے۔ان کا مقابلہ شیخ رشید سے تھا۔سزا ہونے پر حنیف عباسی الیکشن کے لئے بھی نااہل ہو گئےہیں۔عدالتی فیصلہ سامنے آنے پر لیگی کارکن آپے سے باہر ہو گئے اور ہنگامہ آرائی شروع کر دی۔ تاہم موقع پر موجود سکیورٹی اہلکاروں نے صورتحال کو سنبھال لیا۔

 

اس سے قبل حنیف عباسی کے وکیل نے بینک ٹرانزکشن کے ثبوت عدالت میں پیش کئے۔ وکیل صفائی نے کہا کہ اے این ایف کے پاس ٹھوس شہادت نہیں۔ پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ ایکٹ کی خلاف ورزی ہوئی ہے جب انکوائری ہوئی تو اس کے بعد مقدمہ درج ہوا۔ ملزمان پر جولائی 2012 میں ممنوعہ کیمیکل ایفی ڈرین کا کوٹہ لینے پر مقدمہ بناتھا۔

عطاء سبحانی  4 ماه پہلے

متعلقہ خبریں