ورلڈکپ کی تیاریوں کے لیے شاہینوں کا ہر پلان فلاپ

لاہور (محمد فیضان) ورلڈکپ کی تیاریوں کے لیے گرین شرٹس کا ہر پلان بری طرح فلاپ ہو گیا۔ بڑے اور چھوٹے تمام نام ناکام ہوئے۔ امام الحق نے کچھ کیا نہ شان مسعود متاثر کر سکے۔ عمر اکمل نے مایوس کیا تو عامر بھی فیل ہوئے۔ یاسر شاہ کی تجربہ کاری بھی بے کار گئی۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ سے پہلے پاکستان کی تجرباتی ٹیم کے لیے آسٹریلیا کے خلاف سیریز ڈراؤنا خواب ثابت ہوئی۔

بلے بازی میں اوپنر امام الحق کے تین میچز میں تریسٹھ رنز، ون ڈے میں موقع پانے والے شان مسعود کے 5 میچز میں ایک سو گیارہ کا مجموعہ اور عمر اکمل بھی کم بیک کو یادگار نہ بنا سکے۔ پانچ میچز میں ایک سو پچاس رنز بنائے جس میں کوئی ففٹی شامل نہیں۔

نوجوان بیٹسمین سعد علی ڈیبیو سیریز میں ناکام رہے، دو میچز میں صرف گیارہ رنز بنا سکے۔ کپتان شعیب ملک کی تجربہ کاری ایک سو دو رنز تک محدود رہی، صرف تین میچ کھیل سکے۔

کینگروز کے خلاف بولرز نے بھی مان توڑا۔ یو اے ای وکٹوں کے بادشاہ یاسر شاہ نے مایوس کیا۔ پانچ میچز میں صرف چار وکٹیں حاصل کیں۔ جنید خان کی وکٹوں کا بھی اسکور چار ہی رہا۔ محمد عامر اور شعیب ملک کے ہاتھ وکٹ سے خالی، محمد عباس، فہیم اشرف نے بمشکل ایک ایک شکار کیا۔ ابھرتے ہوئے فاسٹ بولر محمد حسنین نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستانی ٹیم کی ہار کا ذمہ دار کون ہے؟ کرکٹ ماہرین نے کپتان سمیت چھ کھلاڑیوں کے آرام کے فیصلے پر بھی حیرانی کا اظہار کیا۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا سے ہار کا ورلڈ کپ پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ لیکن پانچ صفر سے عبرتناک شکست قوم کو ہضم نہیں ہو پا رہی۔ شائقین کرکٹ اس کا جواب مانگتے ہیں۔

احمد علی کیف  2 ماه پہلے

متعلقہ خبریں