حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 25 اپریل تک توسیع

لاہور (پبلک نیوز) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 25 اپریل تک توسیع کردی گئی۔

 

تفصیلات کے مطابق حمزہ شہباز کی آمدن سے زائد اثاثے، منی لانڈرنگ اور صاف پانی کیس میں عبوری ضمانت آج ختم ہورہی تھی جس کے پیش نظر انہوں نے ایک مرتبہ پھر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔

 

جسٹس ملک شہزاد کی سربراہی میں دو رکنی بینچ حمزہ شہباز کی ضمانت سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔ اس موقع پر نیب کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ تینوں کیسز میں رپورٹس عدالت میں جمع کرادیں، حمزہ شہباز نے منی لانڈرنگ کی ہے۔

 

حمزہ شہباز کے وکیل امجد پرویز نے اعتراض اٹھایا کہ ہمیں جواب کی کاپیاں مکمل طور پر فراہم نہیں کی گئیں، جواب دینے کے لیے مہلت دی جائے۔ وکیل امجد پرویز نے مزید کہا کہ نیب کے جواب کے کچھ صفحات نہیں ہیں جبکہ جواب کی نقول مدہم ہیں جو پڑھنے کے قابل بھی نہیں، نیب کے جواب پر حمزہ شہباز سے مشاورت کرنی ہے۔

 

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 25 اپریل تک کے لیے توسیع کردی۔

حارث افضل  3 روز پہلے

متعلقہ خبریں