فریال تالپور کی حفاظتی ضمانت منظور

لاڑکانہ (پبلک نیوز) سندھ ہائیکورٹ سرکٹ بینچ نے پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور کی منی لانڈرنگ کیس میں حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار نجی بینک کے سربراہ حسین لوائی کے خلاف چالان جمع کرایا جس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کو مفرور ملزم قرار دیا گیا۔ جس پر سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 10 لاڑکانہ ون سے پی پی امیدوار فریال تالپور نے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی تھی۔

سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس ارشاد احمد شاہ اور جسٹس رشید سومرو پر مشتمل بینچ نے درخواست پر سماعت کی جس دوران فریال تالپور نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ ایف آئی اے نے سیاسی مقدمات درج کیے اور اس کا مقصد انتخابات میں حصہ لینے سے روکنا ہے۔ عدالت عالیہ کے بینچ نے پیپلزپارٹی کی رہنما کے مؤقف کو تسلیم کرتے ہوئے ان کی 6 روزہ حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔

کیس میں ایف آئی اے اور سپریم کورٹ نے آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو طلب کیا تھا تاہم دونوں شخصیات نے اپنے وکلا کے ذریعے جواب جمع کرایا ہے جبکہ سپریم کورٹ نے ایف آئی اے کو دونوں شخصیات کو الیکشن تک طلب کرنے سے روک دیا ہے۔

حارث افضل  11 ماه پہلے

متعلقہ خبریں