عمران خان کو اناڑی کہنے والے خود عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں: وزیراطلاعات پنجاب

لاہور (پبلک نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض‌ الحسن چوہان نے کہا ہے کہ عمران خان کو اناڑی کہنے والوں کے اپنے باپ اور تایا عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں۔

 

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف، شہباز شریف اور خود حمزہ جیل، حوالات اور عدالت کے چکر لگا رہے ہیں، اس پرکہتے ہیں عمران خان صاحب اناڑی ہیں۔ احتساب کے میدان میں عمران خان جیسا کھلاڑی کوئی نہیں، 165 کھرب لوٹنے والوں کی 165 پیشیاں اہمیت نہیں رکھتیں، ملک کو احسن انداز سے درست سمت پر لگا دیا ہے۔

فیاض‌ الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز نے نیب کے باہر اپنا دکھڑا سنایا۔ نوازشریف نے پاکستان کو لوٹا، 165 پیشیاں بھگتنے سے کچھ نہیں ہوگا۔ حمزہ شہباز کے ابوجی خود جیل کے چکر کاٹ رہے ہیں۔ 40 سال ن لیگ نے ملک کو لوٹا تب تو انہیں دکھڑے یاد نہیں آئے۔ عمران خان سے بڑا کوئی کھلاڑی نہیں، وہ کامیاب آدمی ہیں۔ احتساب کا کدو کٹے گا، سب میں بٹے گا۔ بسنت پر ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔ عدالت جو فیصلہ کرے گی ہمیں منظورہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ احتساب سب کا ہورہا ہے، پیپلزپارٹی کے رہنما بھی پیشیاں بھگت رہے ہیں، ہم ن لیگی نہیں پی ٹی آئی والے ہیں، ہر عدالتی فیصلہ قبول کریں گے۔

 

حارث افضل  2 ماه پہلے

متعلقہ خبریں