وفاقی کابینہ اجلاس،اسلام آباد میں پلاسٹک بیگز پر پابندی، توصیف ایچ فاروق کو چیئرمین نیپرا لگانے کی منظوری

 

اسلام آباد (پبلک نیوز) وفاقی کابینہ اجلاس میں بڑے فیصلے ہوئے۔ اسلام آباد میں پلاسٹک بیگز پر پابندی کا فیصلہ بھی کرلیا گیا۔ توصیف ایچ فاروق کو چیئرمین نیپرا لگانے کی منظوری دی گئی۔ ثقافت ڈویژن کو وزارت اطلاعات سے واپس لے کر وازارت تعلیم کو منتقل کرنے کی منظوری دی گئی۔

 

تفصیلات کے مطابق حکومت نے سابق حکمرانوں سے سرکاری خزانے سے خرچ رقم وصول کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سابق سربراہان مملکت کے کیمپ آفسز، سیکیورٹی اور بیرونی دوروں پر سرکاری اخراجات کی تفصیلات پیش کی گئیں۔

 

سابق وزیراعظم نواز شریف نے کیمپ آفس اور بیرون ملک میڈیکل اخراجات کی مد میں 4 ارب 31 کروڑ 83 لاکھ روپے خرچ کیے۔ سابق صدر آصف زرداری نے 3 ارب 16 کروڑ 41 لاکھ روپے سرکاری خزانے سے خرچ کیے۔ شہباز شریف نے سرکاری خزانے سے 8 ارب 72 کروڑ 69 لاکھ خرچ کیے۔ شاہد خاقان عباسی نے 35 کروڑ، یوسف رضا گیلانی نے 24 کروڑ، راجا پرویز اشرف نے بطور وزیراعظم 32 کروڑ اور سابق صدر ممنون حسین نے 30 کروڑ روپے سرکاری خزانے سے خرچ کیے۔

 

وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا تھا کہ خرچوں کے معاملے میں آصف زرداری قوم پر سب سے زیادہ بھاری پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کے پاس سکیورٹی کے نام پر 164 گاڑیاں تھیں۔ آصف زرداری صدر نہیں تھے پھر بھی 2 کیمپ آفس رکھے ہوئے تھے۔ 2016 میں اینٹ سے اینٹ بجانے کے چکر میں زرداری بھاگ گئے تھے۔

 

ان کا مزید کہنا تھا کہ 2015 میں نوازشریف کا ایک دن کا خرچہ 4 لاکھ 65 ہزار ڈالر تھا، علاج کے لیے باہر گئے تو 3 لاکھ 27 ہزار پاؤنڈ خرچ کر دیئے۔ مراد سعید نے کہا کہ عمران خان اپنی بنی گالہ رہائشگاہ کا خرچ خود اٹھاتے ہیں۔ گھر تک سڑک اپنے پیسوں سے بنوائی، وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے کیمپ آفسز تو دور کی بات ہے کسی وزیر کا بھی کوئی کیمپ آفس نہیں۔

 

کابینہ نے اسلام آباد میں پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی عائد کر دی۔ توصیف ایچ فاروق کو چیئرمین نیپرا تعینات کرنے اور ثقافت ڈویژن کو وزارت اطلاعات سے واپس لے کر وازارت تعلیم کو منتقل کرنے کی منظوری دی گئی، جبکہ سرکاری عمارتوں کے مستقبل سے متعلق ایجنڈہ مؤخر کردیا گیا۔

احمد علی کیف  1 ماه پہلے

متعلقہ خبریں