فیفا ورلڈکپ: نیمار اور سواریز جادو دکھانے میں ناکام،کوارٹر فائنل میں شکست

کزان/ نزنی نوگوروڈ (پبلک نیوز) ورلڈ کپ کوارٹر فائنل مرحلے میں نیمار کا جادو چلا نہ سواریز اپنی ٹیم کو شکست سے بچا سکے۔ بیلجیم نے برازیل اور فرانس نے یوراگوئے کو ورلڈ کپ سے باہر کر دیا۔ سیمی فائنل میں فرانس اور بیلجیم کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔

روس میں جاری ورلڈکپ میں فرانس اور بیلجیم نے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ پہلے میچ میں فرانس نے یوراگوئے کو 2-0 سے شکست دے کر چھٹی بار سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔  میچ کے 40ویں منٹ میں فرانس کے رافیل نے پہلا اور 61 ویں منٹ میں گریز مین نے دوسرا گول کر کے فرانس کو فتح سے ہم کنار کیا۔

فیفا ورلڈ کپ کے دوسرے کوارٹر فائنل میں بیلجیم نے برازیل کو 2-1 سے شکست دے کر وطن واپسی کا ٹکٹ تھما دیا۔ 13ویں منٹ میں برازیل کو اون گول ہوا اور 31 ویں منٹ میں ڈی براوئن نے بیلجیم کے لئے دوسرا گول کیا۔ برازیل کے آگسٹو نے 76 ویں منٹ میں گول کر کے بیلجیم کی برتری کو کم تو کیا مگر وہ برازیل کو فتح دلوانے کے لئے ناکافی رہا۔

برازیلین ٹیم کو میچ میں گول کرنے کے متعدد مواقع ملے مگر قسمت کی دیوی فٹ بال کے دیوتا برازیل پر مہربان نہ ہوئی۔ فاتح ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل 10 جولائی کو ہو گا۔

2 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں