فردوس عاشق اعوان، وزیراعلیٰ پنجاب کا باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

لاہور(پبلک نیوز) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی ملاقات۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، عوامی و سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی وسائل پر ڈاکہ ڈالنے کا دور کبھی واپس نہیں آئے گا۔ منصوبوں کی آڑ میں کرپشن کرنے والے ملک و قوم کے مجرم ہیں۔ سابق حکمرانوں نے نمود و نمائش کے منصوبوں میں قومی وسائل برباد کئے۔ قومی و سائل کی بندر بانٹ کر کے ذاتی تجوریاں بھری گئیں۔ لوٹ مار کرنے والوں کو اپنے کئے کا حساب دینا ہو گا۔

 

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ کرپٹ عناصر کے بلاامتیاز احتساب سے ہی پاکستان آگے بڑھے گا۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت قومی وسائل کو عوام کی امانت سمجھتی ہے۔ ہماری قیادت نے قومی وسائل اپنی ذات پر خرچ کرنے کی غلط روایت کو ختم کیا ہے، اب عوام کا پیسہ فلاح عامہ پر ہی صرف ہو رہا ہے۔ تنقید کی پرواہ کئے بغیر عوامی خدمت کے سفر کو جاری رکھیں گے۔ عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کر کے عوام کے مینڈیٹ کی لاج رکھیں گے۔

 

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعلی عثمان بزدار پنجاب میں عوام کی بے لوث خدمت کر رہے ہیں۔ اپوزیشن کا بیانیہ کرپشن پر پردہ ڈالنے کا بیانیہ ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کو پاکستان کے عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں، یہ جماعتیں عوامی مسائل میں اضافے کی ذمہ دار ہیں۔ عام انتخابات میں مسترد عناصر کی منفی سیاست دم توڑ چکی ہے۔ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے۔

عطاء سبحانی  3 ماه پہلے

متعلقہ خبریں