بنارس کے ٹھگوں کا ٹولہ کس منہ سے عمران خان کیخلاف زبان درازی کرتا ہے: فردوس عاشق

اسلام آباد (پبلک نیوز) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے عوامی احساسات کی ترجمانی کرتے ہوئی بجٹ میں ترجیحات طے کیں۔ بجٹ میں کچھ کڑوی گولیاں ضرور ہیں۔ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔

نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بجٹ میں کسانوں کو ٹیوب ویلز شمسی توانائی پر منتقل کرنے کیلئے مراعات دی ہیں۔ سولر پینلز کی آسان فراہمی کیلئے ان پر ٹیکس زیرو کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ 10ہزار تک زرعی ٹیوب ویلز کی بجلی کا بل کسان خود دے گا۔

انھوں نے کہا کہ 10ہزار سے اوپر 75ہزار روپے تک بجلی کا بل وفاقی اور صوبائی حکومت مل کر ادا کریں گے۔ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے بجٹ پالیسیاں ترتیب دی گئی ہیں۔ وفاقی بجٹ عوامی امنگوں کا ترجمان ہے۔

معاون خصوصی اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ سابق حکمران خاندان کو تکبر اور غرور لے ڈوبا۔ مریم صفدر کی کل کی تقریر تکبر اور غرور کا شاہکار تھی۔ 3مرتبہ وزیراعظم رہنے والا لوٹ مار اور کرپشن میں ملوث رہا۔ شریف خاندان نے نشان عبرت بن کر بھی کچھ نہیں سیکھا۔ شریف خاندان نے ذاتی مفادات اور کاروبار کیلئے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا۔ جن بچوں کیلئے نواز شریف نے بیرون ملک جائیدادیں بنائیں وہ آج ان کا حال تک نہیں پوچھتے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ اللہ کی دی گئی طاقت سے وزیراعظم عمران خان نے غرور کے بت توڑے۔ نوازشریف کے بیٹے فخر سے پاکستان سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہیں۔مریم صفدر 'کیا پدی کیا پدی کا شوربہ' ہوش کے ناخن لیں۔ بنارس کے ٹھگوں کا ٹولہ کس منہ سے عمران خان کے خلاف زبان درازی کرتا ہے۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ مریم صفدر کے غرور کی سزا یہ ہے کہ ان کا والد جیل میں ہے۔ تحقیقات کمیشن کے سربراہ کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔ سب کو آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر اپنے اعمال کا حساب دینا ہوگا۔  عمران خان کی قومی خزانہ لوٹنے والوں کے بارے میں پیشگوئیاں آج سچ ثابت ہورہی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ وزیراعظم کے اقدامات سے پاکستان کا سیاسی گند صاف ہوگا۔ نئے پاکستان کی تعمیرو ترقی میں میڈیا کا کلیدی کردار ہے۔ میڈیا خود مختار ادارہ بن کر حکومت کی رہنمائی کے ساتھ بدعنوانوں کو بھی بے نقاب کرے۔

احمد علی کیف  1 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں