سندھ میں اپنی حکومت کی کارکردگی پر توجہ دیں: فردوس عاشق

اسلام آباد(پبلک نیوز): وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بلاول صاحب عمران خان پر سیخ پا نہ ہوں۔ عمران خان کا قصور صرف اتنا ہے کہ وہ پاکستان میں قانون کے یکساں اطلاق اور عملداری کو یقینی بنا رہے ہیں۔

 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ خود کو بھٹو کا جانشین کہنے والے بچوں کی طرح آنسو بہا رہے تھے، اپنے آنسوؤں کا حساب مانگنے والے سندھ کے غریبوں اور بچوں کے خون کے آنسوؤں اور آہوں کا حساب کب دیں گے؟ سندھ اور لاڑکانہ کے ایڈز میں مبتلا معصوم بچوں کی سسکیاں آپ کو سنائی کیوں نہیں دیتی؟

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے لکھا کہ صوبہ سندھ کو موئن جو دڑو اور آثار قدیمہ کے کھنڈرات میں تبدیل کرنے والوں کو پاکستان کے عوام نے مسترد کیا ہے۔ سپریم کورٹ کے معزز جج کے ریمارکس سندھ حکومت کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان ہیں۔ بلاول صاحب عمران خان پر سیخ پا نہ ہوں، آپ کے والد پر مقدمات انہوں نے بنائے، جن کے گھر جاکر آپ ضیافتیں اُڑاتے ہیں۔ عمران خان کا قصور صرف اتنا ہے کہ وہ پاکستان میں قانون کے یکساں اطلاق اور عملداری کو یقینی بنا رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ابو کی کرپشن بچانے کے لئے آپ کی دھمکیاں اور غصہ ثابت کرتا ہے کہ عمران خان کا بیانیہ جیت رہا ہے۔ سندھ میں اپنی حکومت کی کارکردگی پر توجہ دیں، کرپشن سے ناطہ توڑیں ورنہ سندھ تک محدود ہوئی جماعت کو چند اضلاع میں بھی کوئی نہیں پوچھے گا۔

عطاء سبحانی  3 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں