50لاکھ گھروں، ایک کروڑ نوکریوں کے وعدوں پر زبان نہیں پھسلنے دیں گے: مریم اورنگزیب

پبلک نیوز: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو کچھ دینا آپ کی اوقات سے بڑی بات ہے، نواز شریف نے جب بھی کچھ مانگا اپنے اللہ سے مانگا۔ 16 ارب یومیہ قرضہ، مہنگائی 10 فیصد، ترقی کی شرح 2.5 فیصد، پیڑول، بجلی اور گیس مہنگی کرکے اور کتنا ظلم کریں گے۔

وزیراعظم کے بیان پر ردعمل  دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کا لہجہ بتا رہا ہے کہ وہ اپنی نالائقی اور نا اہلی کے آگے بے بس ہو چکے ہیں۔ 20 سال سے لوگ آپ کا ڈرامہ دیکھ رہے تھے۔ ہر روز آپ کی اصلیت سامنے آ رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ عمران صاحب اپنی فکر کریں آج کل تو آپ کی عوامی این آر او کی مدت شروع ہو گئی ہے۔ شہباز شریف کے بڑے منصوبے چھوڑیں ایک میٹرو بنا کر دکھائیں۔ آپ کے پاس پیسہ ہو بھی تو آپ کے پاس صرف مایوسی ہے کیونکہ آپ نالائق اور نااہل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اللہ سے ڈریں، بلاول بھٹو کے بارے میں آپ کا بیان افسوسناک اور آپ کی ذہنی پستی کی عکاسی کرتا ہے۔ آپ کی زبان آپ کی تعلیم، تربیت اور ذہنیت کا خوب بتاتی ہے۔ آپ کی آج تقریر کے بعد مجھے یقین ہو گیا کہ اللہ آپ کو کبھی عزت نہیں دے سکتا۔

ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ سیاست اور جمہوریت میں بد ترین مخالف دیکھے لیکن آپ سا کم ظرف مخالف سیاسی تاریخ میں نہیں دیکھا۔ عمران صاحب عوام رو رو کر اللہ کے حضور آپ سے نجات کی دعا مانگ رہے ہیں۔

اپنا قد بڑھانے کے لیے نواز شریف صاحب کا نام بار بار کیوں لیتے ہیں؟ نواز شریف کی لیے اللہ کافی ہے، آپ عوام پر ظلم ڈھانے پر اس سے معافی مانگیں۔ آپ 16ارب یومیہ قرض لے رہے ہیں جس کا پچھلی حکومتوں سے کوئی تعلق نہیں۔

کیوں قبائیلی لوگوں سے جھوٹ بول رہے ہیں؟ وہ پشاور میٹرو کے ایک کھرب کے کھڈے دیکھ چکے ہیں۔ 50 لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکری دینے کے وعدے پہ آپ کو زبان پھسلنے کا بہانہ نہیں بنانے دیں گے۔

احمد علی کیف  2 ماه پہلے

متعلقہ خبریں