وزارت خارجہ کی خاتون افسر اوران کے شوہر دم گھٹنے سے جاں بحق

اسلام آباد (پبلک نیوز) دفتر خارجہ کی افسر سیدہ فاطمی اور ان کے شوہر ہنزہ میں گیس لیکیج کے باعث جاں بحق ہو گئے۔ دونوں کی موت ہوٹل کے کمرے میں گیس بھر جانے کے باعث ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کی خاتون افسر سیدہ فاطمی اور ان کے شوہر ہنزہ میں گیس لیکیج کے باعث جاں بحق ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق میاں بیوی کی موت کریم آباد کے ایک نجی ہوٹل کے کمرے میں گیس لیکیج کے باعث ہوئی جبکہ سول اسپتال ہنزہ میں دونوں کا پوسٹ مارٹم بھی کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ہنزہ علی اصغر نے سیدہ فاطمی اور ان کے شوہر کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی۔

سیدہ فاطمی دفتر خارجہ میں بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کامن ڈیلومیسی سکیشن میں تعینات تھیں اور ان کا تعلق 42ویں کامن ٹریننگ پروگرام سے تھا۔ سیدہ فاطمی کا تعلق اٹک سے تھا اور وہ 10 دن پہلے ہی فرانس سے تربیت مکمل کرکے پاکستان پہنچی تھی۔ 29 نومبر کو پیا گھر سدھارنے والی سیدہ فاطمی فارن سروس اکیڈمی کے 35 سپیشلائزڈ ڈپلومیٹک کورس میں پوزیشن ہولڈر بھی تھیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سیکرٹری دفتر خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے سیدہ فاطمی اور ان کے شوہر کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت کے لیے دعا کی اور ان کے لواحقین سے اس المناک واقعہ پر اظہار تعزیت کیا۔

حارث افضل  1 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں