وزیراعظم آزاد کشمیر اور پی سی بی الیون کے درمیان دوستانہ کرکٹ میچ

 

مظفرآباد (پبلک نیوز) مظفرآباد کے نڑول کرکٹ اسٹیڈیم میں پرائم منسٹر الیون اور پی سی بی الیون کے درمیان دوستانہ میچ ہوا۔ آزاد کشمیر پرائم منسٹر الیون نے چیئرمین پی سی بی الیون کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔

 

تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد کے نڑول کرکٹ اسٹیڈیم میں پرائم منسٹر الیون اور پی سی بی الیون کے درمیان دوستانہ میچ کھیلا گیا۔ پی سی بی الیون کی ٹیم سرفراز احمد اور پرائم منسٹر الیون کی ٹیم اظہر علی کی قیادت میں میدان میں اتری۔

 

آزاد کشمیر پرائم منسٹر الیون نے چیئرمین پی سی بی الیون کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر الیون کی جانب سے پانچ وکٹ کے نقصان پر 164 رنز بنائے گئے۔ جواب میں سرفراز احمد کی چیئرمین پی سی بی الیون نے مقررہ 15 اوورز میں 4 وکٹ پر 158 رنز بنائے۔ عابد علی اور سرفراز احمد نے 40، 40 رنز بنائے۔ سرفراز احمد نے تین وکٹیں بھی حاصل کیں جبکہ محمد رضوان نے 55 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

 

آزاد کشمیر کے وزیر سپورٹس چوہدری محمد سعید، چئیرمین پی سی بی احسان مانی، سیکرٹری سپورٹس ڈاکٹر شہلا وقار کے علاوہ شائقین کی بڑی تعداد بھی میچ سے خوب محظوظ ہوئی۔ میچ کے اختتام پر وزیر کھیل آزاد کشمیر چوہدری سعید اور چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی جانب سے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

 

واضح رہے کہ میچ کا مقصد کشمیرویوں سے اظہار یکجہتی کے ساتھ ساتھ دشمن کو یہ پیغام بھی دینا تھا کہ پوری قوم کی طرح کھلاڑی بھی پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔

 

احمد علی کیف  2 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں