سانحہ کرائسٹ چرچ : شہید پاکستانی اریب، مصری نژادخلیل کی نماز جنازہ ادا

کرائسٹ چرچ(پبلک نیوز) سانحہ کرائسٹ چرچ میں شہید پاکستانی اریب اور مصری نژادخلیل کی نماز جنازہ ادا، اریب کی میت آئندہ ہفتے پاکستان پہنچے گی، ہائی کمشنرعبدالمالک کے مطابق 8 افراد کی تدفین نیوزی لینڈ میں ہو گی، پولیس نے بتایا تمام 50 افراد کی شناخت کر لی گئی ہے۔

 

سانحہ کرائسٹ چرچ کے شہید اریب کی نماز جنازہ کرائسٹ چرچ میں ادا کر دی گئی۔ نیوزی لینڈ میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالمالک نے بھی نمازجنازہ میں شرکت کی، کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ سید اریب احمد نیوزی لینڈ میں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ تھے۔ ہائی کشمنر عبدالمالک نے بتایا کہ شہید اریب کا جسد خاکی منگل تک پاکستان پہنچنے کا امکان ہے۔ سانحہ میں جاں بحق 9 میں سے 7 پاکستانیوں کی میتیں ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہیں، نعیم رشید اور طلحہ رشید کی میتیں بھی آج ورثاء کے سپرد کر دی جائیں گی۔

 

دوسری جانب پولیس کے مطابق نیوزی لینڈ میں شہید تمام 50 افراد کی شناخت کر لی گئی ہے۔ کرائسٹ چرچ میں دہشت گردی کا شکار النور مسجد  کی بحالی  کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔ کل نماز جمعہ کی ادائیگی ممکن بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔۔ پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے مسجد سے تمام ممکنہ شواہد حاصل کر لیے۔ حکام کے مطابق مسجد کی بحالی کا کام مکمل نہ ہو سکا تو نماز جمعہ سڑک پر ادا کی جائے گی۔ نیوزی لینڈ میں کل سرکاری ریڈیو اور ٹیلی وژن سے اذان نشر کی جائے گی۔ ملک بھر میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کر کے مسلمانوں کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔

عطاء سبحانی  1 ماه پہلے

متعلقہ خبریں