مستقبل بلاول بھٹو اور مریم نواز کا ہے: آصف علی زرداری

 

پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کی بڑی پیش گوئی، عمران خان کی حکومت جا رہی ہے، اگلی حکومت ہماری ہوگی، غلطیاں ہوئیں، آئندہ نہیں کریں گے، عمران خان ہماری کمزوریوں کا انعام ہے۔

 

اسلام آباد(پبلک نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری کا بڑی پیش گوئی کرتے ہوئے کہنا ہے کہ عمران خان کی حکومت 4 سے 5 ماہ میں جارہی ہے۔ اگلی حکومت میں ہم آئیں گے۔ مستقبل بلاول بھٹو اور مریم نواز کا ہے.

 

 

 پاکستان کے سابق صدر آصف زرداری نے پارلیمنٹ کےکیفے ٹیریا میں صحافیوں سے ملاقات کی۔ اور صحافیوں سے پوچھا کہ چائے پیئیں گے یا کچھ کھائیں گے؟ صحافیوں نے جواب دیا کہ سر ہمیں تو خبر کی بھوک ہے۔ جس کے جواب میں  آصف زرداری نے کہا کہ خبر یہ ہے کہ عمران خان کی حکومت جا رہی ہے۔ صحافیوں نے پوچھا کب تک؟ آصف زرداری نے جواب دیا کہ عمران خان کی حکومت بٹن دبانے سے تو جائے گی نہیں، جدوجہد کرنی پڑے گی۔صحافیوں نے سوال کیا کہ اگر یہ جا رہے ہیں تو آئے گا کون؟ سابق صدر نے جواب دیا ہم آئیں گے، سیاسی قوتیں آئیں گی۔

 

سوال کیا گیا کہ کیا اپوزیشن جماعتیں حکومت حاصل کر کے پھر آپس میں لڑ پڑیں گی؟ آصف زرداری نے کہا کہ  اپوزیشن جماعتیں آئندہ ہوشیار رہیں گی۔ سیاست میں ہم سےغلطیاں بھی ہوئیں۔ کوشش ہوگی آئندہ ایسانہ ہو۔ عمران خان ہماری کمزویوں کا ہی انعام ہیں۔

 

زرداری سے سوال کیا گیا کہ کہ راجہ ظفرالحق ضیاالحق کے اوپنگ بیٹسمین تھے کیا انہیں چیئرمین سینیٹ بنائیں گے؟ سابق صدر نے کہا کہ راجہ ظفرالحق سے متعلق مریم نواز سے پوچھیں مجھ سے نہیں۔ سینیٹ میں اکثریت ن لیگ کی ہے اور ہو سکتا ہے کہ  نیا چیئرمین سینیٹ ان کا ہی ہو۔

 

سابق صدر نے  مزید کہا کہ مستقبل بلاول بھٹو اور مریم نواز کا ہے، ہم انہیں گائیڈ لائن دیں گے۔ آصف زرداری نے کرکٹ ٹیم کو مشورہ دیا کہ پریکٹس کریں، تبدیلی لائیں نئے لوگوں کو موقع دیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ یہ سال بلاول کی شادی کا سال ہو سکتا ہے۔

احمد علی کیف  1 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں