یورپی یونین نے افغانستان کی بحالی کے لیے امدادی رقم کی منظوری دے دی

جنیوا (پبلک نیوز) افغانستان میں قیام امن و استحکام کے لیے کوششیں جاری ہے۔ یورپی یونین نے جنگ زدہ افغانستان کی بحالی کے لیے 535 ملین ڈالر کی امدادی رقم کی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق جنیوا میں اقوام متحدہ کے زیرِ سرپرستی ہونے والی افغانستان کانفرنس کا اختتام ہوگیا۔  دو روزہ کانفرنس میں جرمنی، روس اور ایران سمیت دیگر ممالک کے اعلیٰ حکام اور سفارت کار شریک ہوئے۔

کانفرنس میں یورپی یونین نے افغانستان میں قیام امن و استحکام، تباہ حال شہروں کی بحالی، خدمت عامہ اور صحت و تعلیم کے شعبوں میں اصلاحات اور جمہوری عمل کو جاری رکھنے کے لیے مجموعی طور پر 535 ملین ڈالر کے امدادی پیکیج پر دستخط کیے۔

امدادی پیکیج میں سے 351 ملین ڈالر خدمت عامہ کی اصلاحات، 90 ملین ڈالر صحت اور خوراک کی کمی دور کرنے کے لیے اور 16 ملین ڈالر 2019 میں ہونے والے کونسل اور صدارتی انتخابات کی مد میں خرچ کیے جائیں گے، جبکہ 42 ملین ڈالر ایک دوسرے معاہدے پر صرف کیے جائیں گے۔

حارث افضل  2 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں