برآمدات بڑھانے کے لیے پیداواری لاگت میں کمی لانا ہو گی: گورنر پنجاب

لاہور(پبلک نیوز) گورنر پنجاب چوہدری سرور کا کہنا ہے کہ زراعت کے شعبے میں کام کیے بغیر انقلاب نہیں لایا جاسکتا، ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے پیداواری لاگت میں کمی ناگزیر ہے۔

 

زرعی ترقیاتی بینک لمیٹیڈ کی جانب سے لاہور میں اسلامک بینکنگ برانچ کا آغاز کر دیا گیا، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے زرعی ترقیاتی بینک کے اسلامک بینکنگ سیٹ اپ کا باقاعدہ افتتاح کیا اورافتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بینک کے قدم کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یقین ہے کہ کسان بھائی اسلامک بینکنگ سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔

 

گورنر پنجاب نے کہا کہ اسلامک بینکنگ کے حوالے سے پنجاب حکومت اور میری طرف سے جو ممکن ہوا کریں گے، مجھے یقین ہے کہ اس سے کسان بھائی بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔ گورنر پنجاب نے بیج اور زراعت کی ترقی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صرف ان پر توجہ دے کر زرعی انقلاب لایا جاسکتا ہے، برآمدات بڑھانے کے لیے پیداواری لاگت میں کمی لانا ہو گی۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ اگر صرف بیج پر توجہ دے لیں تو انقلاب والی بات درست ہو سکتی ہے، زراعت کے بغیر انقلاب نہیں آسکتا، اپنی ایکسپورٹ بارہ بلین سے چھتیس بلین تک لے جاسکتے ہیں، اپنی ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے لاگت میں کمی اور پیداوار میں اضافہ کرنا ہو گا۔

 

زرعی ترقیاتی بینک کے صدر شیخ امان اللہ نے اس موقع پر اسلامک بینکنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ زرعی ترقیاتی بینک کسانوں کا سب سے بڑا بینک ہے جو اب کسانوں کو بلاسود قرضے بھی فراہم کرے گا۔

عطاء سبحانی  10 ماه پہلے

متعلقہ خبریں