حکومت نے مولانا فضل الرحمان سے مذاکرات کیلئے 7 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی

اسلام آباد(پبلک نیوز) مولانا فضل الرحمن اور دیگر اپوزیشن رہنماؤں سے مذاکرات کے لیے سات رکنی حکومتی کمیٹی قائم کر دی گئی۔ وزیر دفاع پرویز خٹک کمیٹی کے سربراہ ہیں۔

وزیر دفاع پرویز خٹک نے مولانا فضل الرحمان سمیت اپوزیشن جماعتوں سے مذاکرات کیلئے 7 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔ ذرائع کے مطابق مذاکراتی کمیٹی وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر تشکیل دی گئی ہے، جو جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں سے رابطے کرے گی۔

مذاکراتی کمیٹی میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، اسد عمر، وفاقی وزیر شفقت محمود اور وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری سمیت مسلم لیگ ق کے رہنماء پرویز الٰہی بھی شامل ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے، گذشتہ دنوں اپوزیشن سے مذاکرات کیلئے کمیٹی بنانے کا اعلان کیا تھا، جس کا سربراہ انہوں نے پرویز خٹک کو بنایا تھا۔ حکومتی کمیٹی مولانا فضل الرحمان اور اپوزیشن سے آزادی مارچ اور دھرنے کے حوالے سے مذاکرات کرے گی۔

 

مولانا فضل الرحمان نے گزشتہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی اور وفاقی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف  27 اکتوبر سے مارچ شروع کرنے اور 31 اکتوبر کو اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان کر رکھا ہے۔ ملک کی اہم اپوزیشن جماعتیں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی بھی جے یو آئی کے مارچ کی حمایت کر رہی ہیں۔

عطاء سبحانی  3 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں