حکومت کو الیکشن کمیشن کے 2نئے ارکان کی تعیناتی کیلئے مزید مہلت مل گئی

اسلام آباد(پبلک نیوز) الیکشن کمیشن کے دو نئے ارکان کی تعیناتی کے لیے حکومت کو مزید 15 دن کی مہلت مل گئی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ رولز میں تبدیلی کرنا پارلیمانی کمیٹی کا اختیارہے، توقع ہے کہ کسی ایک نام پر اتفاق ہو جائے گا۔


الیکشن کمیشن ممبرز تعیناتی سے متعلق کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوئی۔ لیگل ایڈوائزر قومی اسمبلی نے عدالت کو بتایا کہ پارلیمانی کمیٹی کا آخری اجلاس کل ہوا، دھند کی وجہ سے کچھ ممبرز نہیں آسکے، گذشتہ کمیٹی کے بنائے رولز موجودہ حالات میں قابل عمل نہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اگر وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر ایک شخص پر اتفاق نہیں کرسکتے تو ہم کیا کہہ سکتے ہیں؟ عدالت تو یہ توقع کر سکتی ہے کہ کسی ایک نام پر اتفاق ہو جائے گا۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے پارلیمانی کمیٹی کے رولز میں تبدیلی کرنا چاہتے ہیں تو وہ کمیٹی کا اختیار ہے۔

 

لیگل ایڈوائزر قومی اسمبلی نے کہا وقت دے دیں، ان شاء اللہ آئندہ سماعت پر آپ کو اچھی خبر دیں گے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا پارلیمانی کمیٹی اپنے رولز خود بناسکتی ہے، وہ پہلے سے بنائے گئے رولز کے تحت کام نہیں کر رہی، جو بھی کمیٹی بنے گی اس کے رولز بھی مستقل نہیں ہوں گے، ابھی جو کمیٹی کام کر رہی ہے وہ اپنے رولز خود بنا سکتی ہے۔ لیگل ایڈوائزر قومی اسمبلی نے کہا پارلیمنٹ غلطی کرے تو اس کو سدھار بھی لیتی ہے، جس پر چیف جسٹس نے کہا پارلیمنٹ کبھی غلطی نہیں کر سکتی، وہ 22 کروڑ عوام کی نمائندہ ہے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 15 جنوری تک ملتوی کر دی۔

عطاء سبحانی  2 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں